1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ایئرلائن انڈیگو کی تاریخ کا سب سے بڑا آرڈر

12 جنوری 2011

بھارتی ایئر لائن انڈیگو 180ایئر بس(A320) طیارے خریدے گی۔ اس سلسلے میں ایک معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ یورپی طیارہ ساز کمپنی کا کہنا ہے کہ 12.6 بلین یورومالیت کا یہ ایک ریکارڈ معاہدہ ہے۔

https://p.dw.com/p/zwYw
تصویر: AP

ایئر بس بنانے والی طیارہ ساز کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تجارتی ہوا بازی کی تاریخ میں یہ کسی بھی ایک فرم کی طرف سے طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا آرڈر ہے۔ کم قیمت ٹکٹوں کے حوالے سے شہرت رکھنے والی اس ائیر لائن نے جس سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں، اس کے تحت جدید ترین ایئر بس اے 320 طیارے خریدے جائیں گے۔ ان جدید ہوائی جہازوں میں ایسے انجن نصب کئے جائیں گے، جو زیادہ سے زیادہ تیل کی بچت کریں گے۔ انڈیگو وہ پہلی کمپنی ہے جو یہ جدید ترین ہوائی جہاز خریدنے جا رہی ہے۔ ان ہوائی جہازوں کی ترسیل 2016ء سے شروع ہوگی۔ انڈیگو کے بانی راکیش گنگوال کا کہنا ہے کہ کم ایندھن خرچ کرنے والے ان ہوائی جہازوں کی خرید سے انہیں کم کرائے والی ٹکٹوں کی پیشکش جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔ یہ ہوائی جہاز 15 فیصد تک تیل کی بچت کریں گے، جس کے ماحول پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔

Symbolbild Airbus Fabrik
ایئربس کمپنی اب تک 4500 طیارے مختلف ایئر لائنز کو فروخت کر چکی ہےتصویر: AP

گنگوال کا کہنا ہے، ’نئے ہوائی جہازوں کا آرڈر بھارت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے۔ ہم نے یہ فیصلہ اس لئے بھی کیا ہے کہ نہ صرف تیل کی بچت ممکن ہوگی بلکہ یہ طیارے ماحول دوست بھی ہیں۔‘

ایئربس کمپنی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے انڈیگو کمپنی کو بھارتی ہوائی سفر کی صنعت میں ایک مضبوط پوزیشن حاصل ہو جائے گی۔ ان کا کہنا ہے،’اس معاہدے سے متوقع طور پر انڈیگو مزید کامیابیوں کی طرف گامزن ہو جائے گی اور ہمیں خوشی ہے کہ یہ ہوائی کمپنی مستقبل کی تعمیر کے لئے ہمارے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔‘

ایئربس کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اب تک 4500 طیارے 310 مختلف ایئر لائنز کو فروخت کر چکے ہیں، جبکہ تیرہ سو مزید ہوائی جہازوں کی تیاری کے آرڈر انہیں مل چکے ہیں۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں