1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی جیل میں دو سعودی شہریوں سمیت تین افراد ہلاک

عاطف بلوچ30 جولائی 2016

بھارتی حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال کی ایک جیل میں قیدیوں کے مابین ہونے والی لڑائی کے نتیجے میں مارے جانے والوں میں سعودی عرب کے دو شہری بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JYwG
Gefängnis in Pune Hinrichtung des Attentäters Ajmal Kasab
تصویر: STR/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے منی پور کے دارالحکومت امپھال کی پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ سینٹرل جیل میں تیس جولائی بروز ہفتہ علی الصبح قیدیوں کے مابین لڑائی شروع ہو گئی، جس کی وجہ سے تین قیدی مارے گئے۔ ان قیدیوں میں دو سعودی باشندے بھی شامل تھے۔

منی پور کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس پی ڈونگل نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، ’’سینٹرل جیل میں قید سعودی عرب کے دو شہریوں نے ایک ساتھی قیدی پر حملہ کر کے اس ہلاک کر دیا جبکہ جیل میں کے کچھ قیدیوں نے جوابی حملہ کیا اور دونوں غیر ملکی قیدی بھی ہلاک ہو گئے۔‘‘

بھارتی سکیورٹی فورسز نے سعودی شہریوں یوسف احمد اور عبدالسلام کو سن دو ہزار تیرہ میں گرفتار کیا تھا۔ ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ نامکمل سفری دستاویزات کے ساتھ بھارت میں داخل ہوئے تھے۔ اے ایف پی نے پولیس ذارئع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریاض حکومت نے بھارتی جیل میں اپنے شہریوں کی ہلاکت کے بارے میں تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

ڈونگل کے مطابق جیل میں ہونے والی اس جھڑپ میں ہلاک ہونے والا تیسرا قیدی منی پور کے ایک مقامی قبیلے کا رکن تھا۔ اس کا نام تھانگ ملیان ژُو بتایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ جیل میں قیدیوں کے مابین لڑائی کیوں شروع ہوئی۔

ڈونگل کے مطابق حقائق جاننے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب لڑائی شروع ہوئی تو جیل کے محافظوں نے مداخلت کی کوشش کی لیکن وہ مشتعل قیدیوں کو کنٹرول نہ کر سکے۔ اس دوران ایک حفاظتی گارڈ اور دو دیگر افسران زخمی بھی ہو گئے۔

شمال مشرقی ریاست منی پور کی سرحد میانمار سے متصل ہے۔ اس ریاست میں علیحدگی کی تحریک کافی مضبوط قرار دی جاتی ہے، جہاں کم ازکم بیس باغی گروہ وسیع تر خود مختاری یا بھارت سے الگ ہونے کی خاطر مسلح جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔