1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں کم ترین سطح پر

حرا مرید10 جون 2013

بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں اپنی کم ترین سطح 54۔57 پرآ گیاہے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ دیگر ایشیائی کرنسیوں کی طرح مئی میں بھارتی روپے کی قدر میں سات فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

https://p.dw.com/p/18mrZ
تصویر: Fotolia/Sujit Mahapatra

کموڈٹیز اور کرنسیز کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر نوین ماتھر کا کہنا ہے کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر بھارتی روپے کو نقصان پہنچا رہی جبکہ اینجل بروکنگ کا کہنا تھا کہ بھارتی کرنسی یونٹ نے مسلسل کمزوری کا مظاہرہ کیا ہے۔

امریکی معیشت کی بہتری کے ساتھ ساتھ ایک بحث یہ بھی جاری ہے کہ امریکی فیڈرل ریزرو توقع سے جلد اپنے مونیٹری سٹیمیولس پروگرام کو ریورس کر سکتا ہے۔

بھارت کی کنسلٹنسی فرم فارکس ایڈوائزر کے چیف ایگزیکٹو ابھیشیک گوئنکا کے مطابق 2013ء کے آخر تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 60۔59 تک پہنچ جائے گی اور قدر گرنے کا سلسلہ اسی طرح سے جاری رہے گا۔

USA Wirtschaft Geldscheine Dollar
تصویر: picture-alliance/ Photoshot

تاجروں اور تجزیہ کاروں کی نظریں اب بھارت کے مرکزی ریزرو بینک کی طرف ہیں جن کا خیال ہے کہ اب اس ریزرو بینک کی ممکنہ مداخلت کی وجہ سے کرنسی کی قدر میں مزید کمی کو روکا جا سکتا ہے۔ کمزور کرنسی درآمدات کو مہنگا کر دیتی ہے خاص طور پر غیر ملکی تیل جس پر بھارت کا بہت انحصار ہوتا ہے۔

HSBC کے بھارتی یونٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر پردیپ کھنہ نے کہا ہے کہ باقی کرنسیوں کے مقابلے میں بھارتی روپیہ زیادہ تیزی سے کم ترین سطح پر آیا ہے۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی منڈیوں سے پیسہ باہر نکالنا شروع کر دیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے ذخائر برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔ اس وقت ان ذخائر میں صرف سات ماہ کی درآمدات کے لیے رقم موجود ہے۔

hm/ai(AFP)