1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فوج کے ساتھ جھڑپ، پانچ مشتبہ باغی ہلاک

عاطف توقیر اے ایف پی
9 جون 2017

بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز مشتبہ باغیوں سے ایک جھڑپ میں پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جھڑپ لائن آف کنٹرول کے قریب ہوئی۔

https://p.dw.com/p/2eQaf
Soldaten und Polizisten in Saimoh Sabzar Ahmad Bhatwas
تصویر: imago/Hindustan Times

بھارتی فوج کے مطابق یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب پاکستان کے زیرانتظام کشمیر سے مسلح جنگجوؤں نے دراندازی کی کوشش کی۔ متنازعہ علاقے کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارتی کی افواج کی بھاری نفری تعینات ہے، جب کہ دونوں فوجوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی معمول کی بات  ہے۔

بھارتی فوج کی جانب سے جمعے کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اُڑی کے قریب دراندازی کی کوشش کرنے والے عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

اس سے ایک روز قبل مسلح باغیوں اور بھارتی فوج کے درمیان ایک جھڑپ میں ایک فوجی جب کہ تین عسکریت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔ رواں ہفتے ہی دراندازی کی کوشش پر تین مشتبہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا۔

بھارت کی جانب سے پاکستان پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ باغیوں کو اسلحہ فراہم کرتا ہے اور انہیں بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں بھیجتا ہے، جب کہ پاکستان ایسے الزامات کو مسترد کرتا ہے۔

پاکستان کا موقف ہے کہ وہ کشمیری علیحدگی پسندوں کو حق خود ارادیت دلوانے کے لیے صرف اور صرف سفارتی مدد کر رہا ہے۔

یہ بات اہم ہے کہ کشمیر کا علاقہ سن 1947 میں تقسیم ہند کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان تنازعے کا باعث ہے، جب کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ معاملہ جنگوں کا باعث بھی بن چکا ہے۔