1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی مصنوعی سیارہ خلا میں روانگی کے فوری بعد تباہ

25 دسمبر 2010

ایک جدید مواصلاتی سیٹلائٹ خلا میں لے جانے والا ایک بھارتی راکٹ اپنی پرواز کے کچھ دیر بعد ہی فضا میں پھٹ کر تباہ ہوگیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ پرواز کے فوری بعد راکٹ میں پیدا ہونے والی خرابی کے باعث ہوا۔

https://p.dw.com/p/zph7
تصویر: picture-alliance/dpa

بھارتی ٹیلی وژن پر دکھائی جانے والی فلم میں راکٹ کو اپنی پرواز کے کچھ دیر بعد ہی دھوئیں اور شعلوں میں گِھرا دکھایا گیا۔ یہ راکٹ ملک کے جنوبی شہر چنئی سے 80 کلومیٹر کے واقع پر واقع 'سی ہری کوٹا' لانچ سائٹ سے خلا میں روانہ کیا گیا تھا۔

انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (ISRO) کے سربراہ کے رادھاکرشنن کے مطابق، " راکٹ کی کارکردگی پہلے 50 سیکنڈز میں بالکل درست تھی، مگر اس کے فوری بعد اس میں بلندی کے حوالے سے ایک بڑی خرابی پیدا ہوگئی، جو اس کی تباہی کا باعث بنی۔" تاہم کرشنن کے مطابق اس خرابی کی وجہ کا سراغ لگانا ابھی باقی ہے۔

رادھا کرشنن کے مطابق بھارتی خلائی ادارے کے مطابق یہ راکٹ فضا میں 4.9 میل کی بلندی پر تباہ ہوا اور اس کا ملبہ خلیج بنگال کے سمندر میں جاگرا۔

بھارتی مواصلاتی سیارے GSAT-5P کو خلا میں پہنچانے کے لیے اس راکٹ کی پرواز دراصل 20 دسمبر کو شیڈول تھی مگرانجینیئرز کی طرف سے راکٹ کے روسی ساختہ انجنوں میں سے ایک میں لیکیج کا کھوج لگانے کے بعد اس کی پرواز مؤخر کردی گئی تھی۔

رواں برس جولائی میں ایک بھارتی راکٹ نے پانچ مختلف سیٹلائٹس کو کامیابی سے خلا میں اپنے مدار میں پہنچایا تھا۔ تاہم اس کامیابی سے محض تین ماہ قبل بھی بھارتی خلائی پروگرام کو ایک بڑا دھچکہ پہنچا تھا، جب موجودہ حادثے کی طرح راکٹ اپنی پرواز کے کچھ دیر بعد ہی فضا میں پھٹ پر تباہ ہوگیا تھا۔

بھارت نے اپنے خلائی پروگرام کا آغاز 1963ء میں کیا تھا اور تب سے اب تک بھارت اپنے طور پر مصنوعی سیارے تیار کررہا ہے بلکہ ان سیاروں کو خلا میں پہنچانے کے لیے راکٹ بھی مقامی طور پر تیار کیے جارہے ہیں۔

رپورٹ: افسراعوان

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں