1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی مندر میں دھماکے اور آتش زدگی، سو سے زائد ہلاکتیں

عاطف توقیر10 اپریل 2016

جنوبی بھارتی ریاست کیرالا میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب نئے ہندو سال کی تقریبات کے دوران دھماکوں اور آتش زدگی کے واقعے میں سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1ISiz
Indien Kollam Tempel Feuer
تصویر: Reuters/ANI

بتایا گیا ہے کہ ہزاروں افراد نئے سال کے جشن کے موقع پر اس ہندو مندر میں آتش بازی کا مظاہرہ دیکھنے جمع ہوئے تھے، جب یہ سانحہ پیش آیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ہندو مندر کی عمارت اور اس کے آس پاس جمع ہزاروں افراد اچانک دھماکوں اور پھر عمارت کی آتش زدگی کے واقعے میں افراتفری کا شکار ہو گئے۔ اس واقعے میں تین سو سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

اس واقعے کے بعد ماہر ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی کیرالا روانہ کر دی گئی ہے کیوں کہ متعدد زخمی شدید جھلسے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیرصحت جے پی نَدا نے بتایا کہ جائے واقعہ پر بحریہ اور فضائی کے ہیلی کاپٹر بھی روانہ کر دیے گئے ہیں۔

Indien Kollam Tempel Feuer
اس واقعے میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیںتصویر: Reuters/ANI

نَدا نے مقامی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

فائرفائٹرز اور پولیس کے مطابق آتش زدگی اتنی شدید تھی کہ مندر کی عمارت میں لگی اس آگ کو بجھانے میں کئی گھنٹے لگے۔

ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین بجے صبح اس مندر میں شدید دھماکے ہوئے اور اس کے بعد پورا علاقہ دھوئیں میں نہا گیا۔ پولیس کے مطابق اس جشن کے لیے آتش بازی کا بہت سا سامان لایا گیا تھا، جس پھٹ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ نہ پھٹنے والے سامان کے کئی بنڈل بھی پولیس نے اس مندر کی عمارت سے نکالے ہیں۔

کیرالا ریاست کے وزیراعلیٰ کے مطابق اس مندر کی انتظامیہ نے نئے ہندو سال کے موقع پر جشن کے لیے آتش بازی کی اجازت مانگی تھی، جسے سکیورٹی وجوہ کی بنا پر مسترد کر دیا گیا تھا، تاہم مندر انتظامیہ نے اس کے باوجود آتش بازی کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا۔ کیرالا حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا، جب آتش بازی کے لیے چھوڑا گیا ایک گولہ اس قریبی عمارت میں گرا، جہاں آتش بازی کا بہت سا دیگر سامان ذخیرہ کیا گیا تھا، اس کے بعد لمحوں میں پے در پے دھماکے ہوئے اور آگ لگ گئی۔