1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہرانا، مشکل ہی نہیں ناممکن

13 اکتوبر 2019

کیپٹن کوہلی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے اپنی سرزمین پر مسلسل گیارہویں ٹیسٹ سیریز جیت کر ریکارڈ قائم کر لیا۔ پونے میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو دوسرے ٹیسٹ میں 137 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لی۔

https://p.dw.com/p/3RDOR
Cricket Virat Kohli
تصویر: picture-alliance/AP Photo/R. Mazalan

عالمی ٹیسٹ رینکنگ کی نمبر ون ٹیم بھارت نے پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کو 189 رنز پر آل آؤٹ کر کے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 سے برتری حاصل کر لی ہے۔ بھارت کی جانب سے امیش یادیو اور اجے جاڈیجا نے تین تین وکٹیں حاصل کی اور اوپنر  میینک اگروال نے سینچری اسکور کی جبکہ کپتان ویرات کوہلی نے پہلی اننگز میں ناقابل شکست 254 رنز  بنائے۔
عالمی کرکٹ میں بہترین بلے باز مانے جانے والے ویرات کوہلی کی ٹیسٹ میچز میں یہ ساتویں ڈبل سینچری ہے۔ اس ہی میچ میں کوہلی نے اپنے سات ہزار رنز بھی مکمل کر لیے۔

پونے ٹیسٹ میں پانچویں وکٹ کے لیے کوہلی اور اجے جاڈیجا کے درمیان 225 رنز کی پارٹنر شپ رہی۔ جیسے ہی اجے جاڈیجا 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارتی کپتان نے 601 رنز پر اننگز ڈیکلئر کر نے کا فیصلہ کر دیا۔
بھارتی ٹوٹل کے جواب میں جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 275 اور دوسری 189 پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی افریقہ کے اوپننگ بیٹسمین ایڈن مارکرم دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح چوتھے روز کے آخری سیشن میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور ایک سو سینتیس رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ٹیمیں انیس اکتوبر کو تیسرے ٹیسٹ کے لیے رانچی میں دوبارہ مد مقابل ہونگی۔ 

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھارت نے یکا یک چوتھا ٹیسٹ میچ اپنے نام کر لیا ہے۔ جنوبی افریقہ سے قبل بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔
علاوہ ازیں بھارت کی اپنی سرزمین پر مسلسل گیارہویں سیریز جیتی ہے۔ بھارت کو اپنی ہی سرزمین پر آخری مرتبہ کسی ٹیسٹ سیریز میں سن 2012 میں انگلینڈ کی ٹیم نے 1-2 سے شکست دی تھی۔ کرکٹ ماہرین کے خیال میں بھارتی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہرانا، مشکل ہی نہیں ناممکن لگ رہا ہے۔

ع آ / ع ا (اے ایف پی ۔ رائٹرز)