1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: آسمانی بجلی گرنے سے 93 افراد ہلاک

عاطف توقیر22 جون 2016

بھارت میں گزشتہ دو روز میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے میں کم از کم 93 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارت میں مون سون کی تباہ کاریاں بھی جاری ہیں۔

https://p.dw.com/p/1JBMB
Gewitter Blitze Indien Wetter Himmel
تصویر: dapd

مون سون کی وجہ سے بھارت بھر میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ بہار ریاست میں آسمانی بجلی کی زد میں آ کر درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

بھارت میں مون سون کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عمومی ہیں، تاہم اس بار ان واقعات کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں غیرمعمولی حد تک زیادہ ہیں۔

ان میں زیادہ تر ہلاکتیں بھارتی ریاست بہار میں ہوئیں ہیں، جہاں آسمانی بجلی کم از کم 56 افراد کی موت کا باعث بنی، جب کہ دیگر 28 افراد برقی کوندوں کی زد میں آ کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے زیادہ تر واقعات دیہی علاقوں میں پیش آئے۔

UNESCO Weltkulturerbe Sundarbans
بھارت میں شدید بارشوں کا سلسلسہ جاری ہےتصویر: DW/M. Mamun

بہار میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے سرکاری ادارے کے ایک سینیئر عہدیدار انیرودھ کمار کے مطابق، ’’ہلاک شدگان کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے، جب کہ 28 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ آسمانی بجلی کا نشانہ بننے والوں میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔‘‘

اے ایف پی کے مطابق بھارتی ریاستوں اترپردیش، جھاڑکھنڈ اور مدھیہ پردیش میں آسمانی بجلی کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 37 رہی۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ان ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں ہر سال آسمانی بجلی کا نشانہ بن کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ہزاروں میں ہوتی ہے، جن میں کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہوتی ہے۔

سن 2014ء میں بھارت بھر میں آسمانی بجلی کا شکار ہو کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد تھی۔