1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: انسانی ترقی کے انڈیکس میں پہلے سے بہتر

9 دسمبر 2019

اقوام متحدہ نے بھارت میں ’ہیومن ڈیویلپمنٹ‘سے متعلق نئے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، اس میں عالمی سطح پر بھارت کی 129 ویں پوزیشن ہے جبکہ گزشتہ برس یہ ایک سو تیسویں مقام پر تھا۔

https://p.dw.com/p/3UUIy
Indien Energie | Dorf Langolpota, Ziegelsteine
تصویر: Reuters/S. Roy

'یونائیٹیڈ نیشنز ڈیویلپمنٹ پروگرام' (یو این ڈی پی) نے رواں برس سے متعلق جو رپورٹ جاری کی ہے۔ اس میں دنیا کے 189 ممالک شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انسانی ترقی کے معاملے میں بھارت میں پہلے کے مقابلےایک پوائنٹ کی بہتری آئی ہے لیکن صنفی مساوات کے معاملے میں یہ اب بھی کافی پیچھے ہے۔ 

اس رپورٹ کے مطابق سن 2005 اور چھ سے سن دو ہزار پندرہ اور سولہ کے درمیان ستائیس کروڑ سے زیادہ بھارتی شہریوں کو خط غربت سے باہر نکالا گیا ہے۔ بھارت میں یو این ڈی پی کی نمائندہ شوکو ناڈا کا کہنا ہے کہ گزشتہ تقریبا تین عشروں کی تیز رفتار ترقی کے سبب ہی انسانی زندگی میں بہتری ممکن ہو سکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سے غربت میں کمی آئی، مدت حیات میں اضافہ ہوا ہے، تعلیم اور طبی سہولیات میں بہتری بھی ہوئی ہے۔

ہیومن ڈیویلپمنٹ انڈیکس، لمبی عمر تک صحت مند زندگی، بہتر تعلیمی سہولیات اور معیاری زندگی جیسے تین اہم اصولوں کی بنیاد پر طے کی جاتی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سن 1990 سے 2018 ء کے درمیان بھارتی شہریوں کی مدت حیات میں گیارہ اعشاریہ چھ برس کا اضافہ ہوا ہے جبکہ فی کس آمدنی میں 250 فیصد کا اضافہ درج نوٹ کیا گيا۔ 

Griechenland Demonstration gegen Menschenhandel in Athen
بھارت میں صنفی بنیاد پر امتیازی سلوک اور عدم مساوات اب بھی بڑے پیمانے پر پایا جاتا ہےتصویر: Louisa Gouliamaki/AFP/Getty Images

اس وقت بھارت کی مجموعی آبادی تقریباً ایک ارب تیس کروڑ ہے اور رپورٹ کے مطابق اس ترقی کی باوجود اب بھی 28 فیصد آبادی غربت میں مبتلا ہے۔ اس برس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گيا ہے کہ گرچہ پہلے کے مقابلے ملک نے تھوڑی ترقی کی ہے لیکن صنفی بنیاد پر امتیازی سلوک اور عدم مساوات اب بھی بڑے پیمانے پر پایا جاتا ہے جس کا سب سے زیادہ اثر خواتین پر پڑتا ہے۔ جنسی مساوات کے معاملے میں 162 ممالک کی فہرست میں بھارت  122 نمبر پر ہے۔

اس موقع پر  شوکو ناڈا نے حکومت کی بعض تقریاتی اسکیموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ  مرکزی حکومت کی مالی امور کے متعلق اسکیم 'جن دھن یوجنا' اور صحت سے متعلق 'ایوشمان بھارت' عام لوگوں کی ترقی اور بہتری کے لیے بہت اہم ہیں۔ یہ دونوں اسکیمیں مودی نے حکومت اپنے پہلے دور اقتدار میں متعاروف کروایا تھا۔

ز ص / ع ا ( خبر رساں ادارے)