1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت اور فرانس کے درمیان لڑاکا طیاروں کی بڑی ڈیل

عاطف توقیر25 جنوری 2016

بھارت نے پیر کے روز بین الحکومتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت وہ فرانس سے 36 لڑاکا طیارے حاصل کرے گا۔ اس سلسلے میں سرمایے سے متعلق فیصلہ حتمی مذاکرات میں طے پائے گا۔

https://p.dw.com/p/1HjWF
VAE Kampfjet Rafale
تصویر: picture-alliance/dpa/J.-L. Brunet

فرانسیسی کمپنی ڈاساؤ کے بنائے ہوئے 36 رافائل جنگی طیاروں کی خریداری کو دنیا کی بڑی دفاعی ڈیل قرار دیا جا رہا ہے۔ خلا، ریلوے اور انسدادِ دہشت گردی کے شعبوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان دیگر 13 اہم معاہدے کیے گئے ہیں۔

ان معاہدوں پر دستخط فرانسیسی صدر فرانسوا اولانڈ کے دورہء بھارت کے موقع پر ان کی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں ہوئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق فریقین نے بین الحکومتی معاہدے کے تحت اس ڈیل کے لیے سرمایے کی فراہمی کی راہ میں رکاوٹیں دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اولانڈ کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا، ’’یہ ایک حتمی مرحلہ ہے کہ بھارت یہ لڑاکا طیارے خریدے اور فرانس ان طیاروں کو ایک عظیم ملک کو مہیا کرے۔‘‘

Francois Hollande Ankunft Indien Chandigarh
فرانسیسی صدر نے دورہ بھارت کا آغاز چندی گڑھ سے کیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa/M.VashistPress Trust of India

اس موقع پر فرانسوا اولانڈ نے کہا کہ ان طیاروں کے لیے سرمایے سے متعلق معاملات ’اگلے چند روز‘ میں طے ہو جائیں گے۔

بتایا گیا ہے کہ بھارت کو یہ 36 رافائل طیارے نو ارب ڈالر کے فروخت کیے جائیں گے۔ اولانڈ نے کہا کہ یہ بین الحکومتی معاہدہ ایک ایسا فریم ورک مہیا کرتے ہے، جس کے تحت تجارتی معاہدے کیے جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ ایک اور معاہدے کے تحت بھارت فرانس سے 800 ریلوے بوگیاں خریدے گا، جب کہ فرانسیسی خلائی ایجنسی CNES کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ بھارت کے اگلے مریخ مشن میں شامل ہو۔ فرانسیسی کمپنیاں بھارت میں اگلے پانچ برسوں میں صنعتی شعبے میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔

فرانسوا اولانڈ نے اتوار سے اپنا تین روزہ دورہ بھارت شروع کیا تھا۔ وہ منگل کو بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر فوجی پریڈ میں بھی شریک ہوں گے۔

اولانڈ کے دورہ بھارت کے موقع پر دارالحکومت نئی دہلی میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ خصوصی رواں ماہ بھارتی فضائیہ کے اڈے پر دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں نئی دہلی میں سینکڑوں اضافے سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔