1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

26 دسمبر 2016

بھارت نے پیر کے روز طویل ترین فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ’اگنی فائیو‘ کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے۔ بھارتی حکام کے مطابق یہ میزائل ایٹمی وار ہیڈ لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔

https://p.dw.com/p/2UszD
Indien - Raketentest
تصویر: picture-alliance/dpa/DRDO

بھارتی حکام کے مطابق ان کا یہ جوہری میزائل پانچ ہزار کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارت میں دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم کے ایک ترجمان منیش بھردواج کا کہنا تھا کہ ٹھوس ایندھن سے پرواز کرنے والے میزائل کو بھارت مشرقی ساحلی خلیج بنگال کے کالام جزیرہ سے لانچ کیا گیا۔

بھارتی حکام کے مطابق اگنی پانچ نامی میزائل 17 میٹر طویل ہے اور اس کا وزن 50 ٹن ہے۔ یہ میزائل ایٹمی وار ہیڈ چین کے تمام حصوں کے ساتھ ساتھ مغربی یورپ تک کے تمام ممالک میں اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ عسکری ماہرین کے مطابق بھارت نے اگنی میزائل پروگرام اپنے روایتی حریف پاکستان اور پھر چین کو سامنے رکھتے ہوئے ترتیب دیا ہے۔ اس میزائل نظام میں درمیانے درجے سے طویل درجے تک مار کرنے والے میزائل شامل ہیں۔

Indien - Rakete bei Parade
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Swarup

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس موقع پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے، ’’اگنی فائیو کے کامیاب تجربے پر ہر بھارتی کو بہت فخر ہے۔  یہ ہماری اسٹریٹجک دفاعی طاقت میں زبردست اضافہ کرے گا۔‘‘

بھارت کا اگنی ون سات سو کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ اگنی ٹو کی رینج دو ہزار کلومیٹر تک ہے۔ اگنی تھری اور اگنی فور کی رینج ڈھائی ہزار سے ساڑھے تین ہزار کلومیٹر تک ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق زمین سے زمین تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے اس میزائل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے اور اس کا پتا چلانا بھی آسان نہیں ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ اگنی فائیو کو جلد ہی بھارتی فوج کے حوالے کر دیا جائے گا۔