1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت عالمی حدت سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل

Afsar Awan10 جون 2013

ایک تازہ تحقیق کے مطابق فضا میں بڑھتی ہوئی کاربن کی مقدار کے سبب بھارت، چین، جنوب مشرقی ایشیا، مشرقی افریقہ اور شمالی اندیس کے بعض علاقے بدترین سیلابوں کے بڑھتے خطرات کا شکار ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/18mcJ
تصویر: AP

اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق گلوبل وارمنگ کی وجہ سے ان علاقوں میں آنے والے غیر معمولی سیلابوں کی تعداد میں اضافہ ہو جائے گا جبکہ مشرقی یورپ، اسکنڈے نیویا کے بعض حصے، چلی اور ارجنٹائن میں ایسے واقعات میں کمی واقع ہوگی۔

یہ اندازے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے 11 مختلف ماڈلز کو مدنظر رکھتے ہوئے لگائے گئے ہیں۔ اس اسٹڈی میں دیکھا گیا ہے کہ فضا کے لیے ضرر رساں ان سبز مکانی گیسوں کی مقدار بڑھنے سےسال 2100 تک دریائی خطے رکھنے والے 29 علاقوں میں کیا تبدیلیاں رونما ہو سکتی ہے۔

اندازوں کے مطابق بڑے سیلاب ہر 10 سے 50 برس کے دوران آنے لگیں گے
اندازوں کے مطابق بڑے سیلاب ہر 10 سے 50 برس کے دوران آنے لگیں گےتصویر: REUTERS

ان اندازوں کے آخری حد کی صورت میں،یعنی اگر فضائی درجہ حرارت چار سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جاتا ہے تو ایسی صورت میں ان سیلابوں کی تعداد یا فریکوئنسی جو 20ویں صدی کے دوران ایک سو سال میں ایک مرتبہ ہے، بڑھ جائے گی۔ ایسی صورت میں ایسے سیلاب ہر 10 سے 50 برس کے دوران آنے لگیں گے۔

اس اسٹڈی میں شریک اور ٹوکیو انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ساتھ بطور سول انجینیئر منسلک شِنجیرو کنائے کے مطابق، ’’ان علاقوں میں سے زیادہ تر اب بھی سیلابوں کے حوالے سے مشہور ہیں۔‘‘ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر سال 2100ء تک عالمی حدت میں کمی واقع ہوتی ہے تو سیلابوں کے لوٹنے کے وقفے میں بھی کمی واقع ہو جائے گی۔

یہ تحقیق یونیورسٹی آف ٹوکیو کے ماہر یوکیکو ہیرابے یاشی کی سربراہی میں کی گئی اور اس کے نتائج تحقیقی جریدے ’نیچر کلائیمیٹ چینج‘ میں شائع ہوئے ہیں۔

موسمیاتی ماہرین کے مطابق عالمی حدت میں اضافے کے سبب کروڑوں لوگ بھوک، سخت موسم اور سمندروں کی سطح بڑھنے کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کا شکار ہو جائیں گے
موسمیاتی ماہرین کے مطابق عالمی حدت میں اضافے کے سبب کروڑوں لوگ بھوک، سخت موسم اور سمندروں کی سطح بڑھنے کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کا شکار ہو جائیں گےتصویر: Reuters

اس اسٹڈی کے جاپانی مصنفین کے مطابق ان کے اندازوں میں اس طرح کے اقدامات کے اثرات کو شامل نہیں کیا گیا جو سیلابوں سے بچنے کے لیے کیے جا سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ارکان عالمی حدت میں صنعتی دور شروع ہونے سے قبل کی عالمی حدت کے مقابلے میں درجہ حرات میں اضافے کی حد دو ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی حامی بھر چکے ہیں۔ تاہم اس وقت جس قدر کاربن کی مقدار فضا میں خارج کی جا رہی ہے اور یہ آئندہ بھی برقرار رہتی ہے تو سال 2100ء تک عالمی درجہ حرات میں یہ اضافہ چار سے پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو چکا ہو گا۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق ایسی صورت میں نہ صرف اس کے حیاتیاتی تنوع کے حوالے سے تباہ کن اثرات سامنے آ سکتے ہیں بلکہ اسی وجہ سے کروڑوں لوگ بھوک، سخت موسم اور سمندروں کی سطح بڑھنے کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کا شکار ہو جائیں گے۔

aba/ng (AFP)