1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت علاقائی سمٹ میں عمران خان کو مدعو کرے گا

16 جنوری 2020

نئی دہلی حکومت رواں برس شنگھائی تعاون تنظیم کے بھارت میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی کر رہی ہے، جس میں مودی حکومت پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو مدعو کرے گی۔

https://p.dw.com/p/3WJd2
Neu-Delhi Treffen  Imran Khan and Narendra Modi
تصویر: MEA India

بھارت شنگھائی تعاون تنظیم کے رواں برس اکتوبر میں ہونے والے اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نئی دہلی میں صحافیوں سے بات چیت میں کہا، ''بھارت رواں برس مختلف ممالک کے سربراہان حکومت کی میزبانی کرے گا۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے طے شدہ ضابطے کے مطابق اس اجلاس میں تنظیم کے تمام آٹھ رکن ممالک اور چار مبصر ممالک سمیت بین الاقوامی مکالماتی شراکت داروں کو دعوت دی جائے گی۔‘‘

’ایران کے ساتھ فوجی تنازعہ تباہ کن ہو گا‘: عمران خان کا ڈی ڈبلیو کے ساتھ خصوصی انٹرویو

بھارت کا شہریت ترمیمی بل انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، عمران خان

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم چین کی قیادت میں ایک اقتصادی اور سکیورٹی بلاک ہے، جس میں پاکستان اور بھارت کو سن 2017 میں شامل کیا گیا تھا۔ بھارت پہلی مرتبہ شنگھائی تعاون تنظیم کی میٹنگ کی میزبانی کر رہا ہے۔

فی الحال اسلام آباد حکومت کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ عمران خان اکتوبر میں اس تنظیم کے اجلاس میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ یہ بات بھی واضح رہے کہ ماضی میں بعض اوقات اس اجلاس میں شرکت کے لیے سربراہان حکومت کی بجائے وزرائے خارجہ بھی حکومت کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ تاہم اگر عمران خان اس اجلاس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہیں، تو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ بھارت ہو گا۔

ع ت، ع ا (روئٹرز، ڈی پی اے)