1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں سیلاب، سینکڑوں افراد ہلاک

بینش جاوید25 اگست 2016

مشرقی بھارت کی انتظامیہ ان ایک لاکھ افراد کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے جو شدید سیلاب کے باعث اپنے اپنے دیہاتوں میں پھنس گئے ہیں۔ بھارت کے اس حالیہ سیلاب نے تین سو بھارتی شہریوں کی جان لے لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1JpbF
Indien Überschwemmung
اس سال جون کے آغاز سے برسات کی بارشوں کے باعث بہار کے 38 میں سے 26 اضلاع میں لوگ متاثر ہوئے ہیںتصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Nath

تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن کی ایک رپورٹ کے مطابق برسات کی بارشوں کے باعث دریائے گنگا کا پانی ملحقہ علاقوں تک پہنچ گیا جس کے نتیجے میں دو لاکھ سے زائد لوگوں کو مدھیا پردیش، بہار، اتر پردیش، راجھستان اور اترکھنڈ کے ریلیف کیمپوں میں پناہ لینی پڑی۔

بھارت کی مشرقی ریاست بہار سیلاب اور برسات کی بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست ہے۔ اس ریاست کی ہنگامی حالات سے نمنٹنے والی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کچھ افراد لوٹ مار کے خدشے کے باعث اپنے مال مویشی اور گھروں کو چھوڑنا نہیں چاہتے۔

بہار کی ریاست میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے اس ادارے کے پرنسپل سیکرٹری کا کہنا ہے، ’’ہم دیہاتیوں سے ہاتھ جوڑ کر التجا کر رہے ہیں کہ وہ ریلیف سنٹرز میں آجائیں، پانی کا بہاؤ نیچے کی طرف ہے، ہم نہیں چاہتے کہ ایسے میں یہ افراد اپنے گھروں میں رہیں۔‘‘

BdW Global Ideas Bild der Woche KW 30/2016 Indien Flut
برسات کی بارشوں کے باعث دریائے گنگا کا پانی ملحقہ علاقوں تک پہنچ گیاتصویر: Getty Images/AFP/B. Boro

اس سال جون کے آغاز سے برسات کی بارشوں کے باعث بہار کے 38 میں سے 26 اضلاع میں لوگ متاثر ہوئے ہیں جب کہ اب تک 127 افراد ڈوبنے سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ صرف گزشتہ ہفتے میں ہی سیلاب کے باعث 2.3 ملین افراد کی زندگیاں متاثر ہوئی ہیں اور 28 افراد ہلاک ہوئے۔ اس ریاست میں قریب ایک لاکھ افراد نے سرکاری ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے۔

بہار کی ہمسایہ ریاست اتر پردیش میں بارشوں اور سیلابی پانی نے 53 افراد کی جان لے لی ہے۔ اس ریاست میں ایسے اٹھارہ لاکھ افراد ان 29 اضلاع میں رہائش پذیر تھے جو سیلاب اور بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔

Indien, Überschwemmung
اس سال جون کے آغاز سے برسات کی بارشوں کے باعث بہار کے 38 میں سے 26 اضلاع میں لوگ متاثر ہوئے ہیں جب کہ اب تک 127 افراد ڈوبنے سے ہلاک ہو گئے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/Babu

اتر پردیش کے ریلیف کمشنر دنیش کمار سنگھ کا کہنا ہے، ’’اس ریاست میں قریب نو لاکھ افراد بے گھر ہوگئے ہیں اور لگ بھگ ساٹھ ہزار افراد نے ریلیف کیمپوں میں پناہ لی ہے۔‘‘

بھارت میں انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں سیلاب زدہ علاقوں میں پہنچنے میں کوئی دشواری نہیں ہے لیکن ٹی وی میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہار کے ضلع پٹنا میں مقامی آبادی امداد نہ ملنے پر احتجاج کر رہی ہے۔ ایک مقامی ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے ایک متاثرہ خاتون نے بتایا، ’’ہم بہت مشکل میں ہیں، ہمیں خوراک فراہم نہیں کی جا رہی۔‘‘