1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں مسافر طیارہ حادثے کا شکار، 160 افراد ہلاک

22 مئی 2010

جنوبی بھارتی ریاست کرناٹک میں مسافر بردار طیارے کے حادثے میں کم از کم 160 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ہفتے کی صبح منگلور کے ہوائی اڈے پر تباہ ہونے والے اس جہاز نے دبئی سے پرواز کی تھی۔

https://p.dw.com/p/NUeK
تصویر: AP

حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا، جب لینڈنگ کے وقت یہ بد قسمت طیارہ رن وے سے اتر گیا۔ بھارتی ریاست کرناٹک کے وزیرداخلہ وی ایس اچاریہ نے اس حادثے میں 160 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جہاز پر 163 مسافر اور عملے کے نو ارکان سوار تھے۔

مینگلور ایئر پورٹ کے ایک اعلیٰ اہلکار نے خبررساں اداروں کو بتایا کہ یہ طیارہ رن وے سے اترا اور اس کے ساتھ ہی اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ فوری اطلاعات کے مطابق اس حادثے کے بعد بچائے جانے والے افراد کی تعداد چھ سے آٹھ کے درمیان ہے۔ فائرفائٹرز جہاز میں لگی آگ بجھانے اور ممکنہ طور پر بچ جانے والے افراد تک رسائی کی کوشش میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں بچ جانے والے افراد کی حالت نازک ہے۔ بچ جانے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

Flugzeugabsturz in Indien Flash-Galerie
تباہ ہونے والے ہوائی جہاز کا ملبہتصویر: AP

مقامی ٹیلی ویژن چینلز پر دکھائے جانے والے مناظر سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثے کے بعد جہاز متعدد ٹکڑوں میں تقسیم ہو گیا اور ان میں آگ لگ گئی۔ فائر فائٹرز ان جہاز کے ان ٹکڑوں میں لگی آگ اور گہرے سیاہ دھوئیں کے درمیان کسی زندہ بچ جانے والے مسافر کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔

حکام کے مطابق ایئر انڈیا کے طیارے737 کے اس حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ تاہم ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ جس وقت یہ حادثہ پیش آیا اس وقت بارش ہو رہی تھی۔ یہ طیارہ دبئی انٹر نیشنل ائرپورٹ سے مقامی وقت کے مطابق ایک بجے صبح اڑا تھا اور بھارت میں جس وقت یہ لینڈ کر رہا تھا اُس وقت وہاں مقامی وقت صبح کے ساڑھے چھ بج رہے تھے۔

رپورٹ : عاطف توقیر / خبررساں ادارے

ادارت : کشور مصطفیٰ