1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں موبائل فون صارفین کی تعداد ایک ارب سے متجاوز

مقبول ملک31 دسمبر 2015

بھارت میں ٹیلی مواصلات کے شعبے کے نگران ملکی ادارے کے مطابق ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد ایک ارب سے زیادہ ہو چکی ہے۔ بھارت چین کے بعد موبائل فون کے شعبے میں دنیا کے دوسری سب سے بڑی منڈی ہے۔

https://p.dw.com/p/1HWXB
Indien Handy Smartphone Nutzung
تصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

نئی دہلی سے جمعرات اکتیس دسمبر کو موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق انڈین ٹیلی کوم ریگولیٹری اتھارٹی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بھارت میں موبائل فون مارکیٹ بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور حالیہ برسوں میں فون کالز اور دیگر موبائل سروسز کی قیمتوں میں سخت مقابلے کی وجہ سے واضح کمی کے باعث اس شعبے کو مزید وسعت ملی ہے۔

بھارت کا شمار ان ملکوں میں ہوتا ہے جہاں موبائل فون سروسز کے قیمتیں دنیا بھر میں سب سے کم ہیں۔ ٹیلی کوم ریگولیٹری اتھارٹی آف انڈیا کے مطابق اس سال اکتوبر میں ملک میں موبائل فون صارفین کی تعداد میں ستمبر کے مقابلے میں قریب سات ملین کا اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر یہ تعداد ایک ارب سے تجاوز کر گئی۔

اس بارے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن کے بھارتی وزیر روی شنکر پرشاد نے اخبار ٹائمز آف انڈیا کو بتایا، ’’ایک بلین سے زائد موبائل فون صارفین، یہ ہمارے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔ یہ حقیقت بااختیار بھارت، فعال بھارت اور ٹیکنالوجی کے خواہش مند بھارت کی نشاندہی کرتی ہے۔‘‘

روی شنکر پرشاد نے کہا کہ بھارت میں عوام کی موبائل فون سروسز تک اتنی زیادہ رسائی کا مطلب یہ بھی ہے کہ ڈیٹا زیادہ ہو گا، حکومت کے اندر داخلی ٹیلی کمیونیکیشن رابطے زیادہ ہوں گے اور ’براڈ بینڈ‘ کی صورت میں انٹرنیٹ بھی تیز تر ہو گا۔

اے ایف پی نے یہ بھی لکھا ہے کہ صارفین کی تعداد ایک بلین سے زائد ہو جانے کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ ایک ارب سے زائد بھارتی شہریوں کے پاس موبائل فون ہیں۔ اس لیے کہ بہت سے صارفین ایسے بھی ہیں، جنہوں نے ایک سے زائد موبائل فون کنکشن لے رکھے ہیں۔

Indien Telefon Handy Nutzung in New Delhi Altstadt
تصویر: I. Mukherjee/AFP/Getty Images

کئی بھارتی ریاستوں میں عام شہریوں کے پاس موبائل فون سروسز کی موجودگی کی شرح، جسے teledensity کہا جاتا ہے، کافی زیادہ ہے۔ لیکن ٹیلی کوم ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق کئی غریب یونین ریاستوں میں یہ شرح اتنی کم ہے کہ وہاں ابھی بھی بہت کچھ کیا جا سکتا ہے، مثلاﹰ بہار میں ہر سو شہریوں میں سے صرف 54 افراد موبائل فونز کے کنکشن کے مالک ہیں۔

بھارت میں، جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، بہت سے شہریوں کے لیے موبائل فون کنکشن انٹرنیٹ تک رسائی کا واحد ذریعہ ہے اور اسی لیے وہاں آن لائن ہونے کے لیے ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کی بجائے سمارٹ فونز کا استعمال کہیں زیادہ ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں