1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں ٹرین حادثہ، متعدد افراد ہلاک

21 اکتوبر 2009

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع متھُرا کے قریب دو ٹرینوں کے تصادم میں کم از کم 22 مسافر ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ بدھ کی صبح مقامی وقت ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/KBgy
متاثرہ بوگیوں میں متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیںتصویر: AP

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرینوں کی بوگیوں میں تقریباً پچاس پھنسے افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ مقامی ٹیلی ویژن نیوز چینل سہارا سمے سے وابستہ صحافی ونود چوہدری نے ڈوئچے ویلے کو بتایا کہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے جبکہ پھنسے ہوئے مسافروں کو ملبے سے نکالنے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اس حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے کئی ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ’گوا ایکسپریس‘ متُھرا ریلوے سٹیشن کے قریب ایک جگہ دوسری ٹرین ’میواڑ ایکسپریس‘ سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں ریل گاڑیاں ایک ہی پٹری سے دلّی کی طرف جا رہی تھیں۔

خبررساں ادارے

ادارت : گوہر نذیر گیلانی