1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے انگلینڈ کے خلاف پانچواں میچ بھی جیت لیا

26 نومبر 2008

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان سات ایک روزہ میچوں کی سیریز کا پانچواں میچ بھی بھارت نے 6 وکٹوں سے جیت کر فتوحات کا سلسلہ جاری رکھا اور سیریز میں پانچ ۔ صفر کی واضح برتری حاصل کر لی۔

https://p.dw.com/p/G2hV
انگلش کپتان کیون پیٹرسن کی شاندار سنچری بھی انگلینڈ کے کام نہ آ سکیتصویر: AP

انگلش کپتان کیون پیٹرسن کی شاندار سنچری بھی انگلینڈ کے کام نہ آ سکی اور بھارت نے 271 رنز کا ہدف بآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ وریندرسہواگ کو دھواں دھار 91 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

بدھ کو بھارتی کپتان مہندرسنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی ٹیم نے کپتان پیٹرسن کے شاندار 111 رنز اور اویس شاہ کی 66 رنز کی اننگز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 270 رنز بنا کر بھارت کو کامیابی کیلئے 271 رنز کا ہدف دیا اور اسی میچ میں انگلینڈ کے کپتان پیٹرسن نے ایک روزہ میچوں میں اپنے 3 ہزار رنز بھی مکمل کئے۔


انگلینڈ کی طرف سے پال کولنگ ووڈ نے 40 اور روی بوپارا نے 24 رنز بنائے جبکہ بھارت کی طرف سے ظہیر خان 2 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے اس کے علاوہ ایشانت شرما اور ہربجھن سنگھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

بھارت کی طرف سے وریندر سہواگ اور سچن ٹنڈولکر نے شاندار طریقہ سے بھارتی اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 136 رنز بنا کر ٹیم کو اچھی بنیاد فراہم کی۔ بھارت کی پہلی وکٹ ٹنڈولکر کے آؤٹ ہونے پر گری، وہ اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ہارمیسن کی گیند پر بولڈ ہوئے اس کے بعد 156 کے سکور پر یوراج سنگھ 6 رنز بنا کو بوپارا کا نشانہ بنے اور اسی سکور پر سہواگ بھی اپنی 73 گیندوں پر 91 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 15 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سہواگ کو کرس براڈ نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

اس کے بعد کپتان دھونی اور سریش رائنا نے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا اور دونوں نے سکور کو 250 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر کپتان دھونی 50 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ رائنا 53 رنز بنا کر جبکہ شرما 8 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے ہارمیسن، براڈ، سوان اور بوپارا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔