1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت نے ویسٹ انڈیز سے ون ڈے سیریز جیت لی

12 جون 2011

روہت شرما کے شاندار 86 رنز کے بدولت بھارت نے پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو تین وکٹوں سے ہرا کر سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/11Ysd
تصویر: AP

226 رنز کے تعاقب میں ایک موقع پر بھارت کے چھ کھلاڑی محض 92 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے تھے۔ اس موقع پر روہت شرما اور ہربھجن سنگھ کے مابین 88 قیمتی رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ اس پارٹنرشپ میں ہربھجن سنگھ نے 41 رنز جوڑے، جس کے بعد بھارتی ٹیم یقینی شکست کا منہ موڑ کر مقابلے کی پوزیشن میں آگئی۔ ہربھجن کے آؤٹ ہونے کے بعد پراوین کمار نے شرما کا ساتھ دیا اور 47 ویں اوور ہی میں جیت حاصل کرلی۔

اس سے قبل انٹیگا کے سر ویون رچرڈز اسٹیڈیئم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس بھارتی قائد سریش رائنا نے جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور ان کی جانب سے نمایاں بلے باز آندرے رسل رہے، جنہوں نے 92 رنز بنائے۔

Cricket West-Indien
ویسٹ انڈین ٹیم گزشتہ طویل عرصے سے غیر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہےتصویر: AP

9 ویں نمبر پر کھیلنے والے رسل نے محض 84 گیندوں کا سامنا کرکے پانچ بلند و بالا چھکے اور آٹھ چوکے لگائے۔ یہ نویں نمبر کے کسی بھی بلے باز کا سب سے زیادہ سکور ہے۔ رسل کی کریز پر آمد سے قبل ویسٹ انڈیز کا سکور چھ وکٹوں کے نقصان پر محض 85 رنز تھا۔

بھارت کے گیند بازوں میں لیگ سپنر امت مشرا سر فہرست رہے، جنہوں نے 28 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے مطلوبہ ہدف 47 ویں اوور میں 7 وکٹون کے نقصان پر حاصل کیا۔ بھارت کی جیت میں روہت شرما کے ناقابل شکست 86 رنز نے اہم کردار نبھایا۔ میچ کے بعد ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا وہ جیتی بازی ہارے ہیں۔ ان کے بھارتی ہم منصب سریش رائنا نے کہا کہ چونکہ بھارتی ٹیم سیریز جیت چکی ہے لہذا اگلے دونوں میچوں میں نئے کھلاڑیوں کو مواقع دیے جائیں گے۔ سیریز کا چوتھا ایک روزہ میچ 13 جون کو کھیلا جائے گا۔

رپورٹ: شادی خان سیف

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں