1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: پانچ مزید خواتین جادوگرنیاں قرار دے کر قتل

امجد علی8 اگست 2015

مشرقی بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے ایک گاؤں میں دیہاتیوں نے پانچ خواتین کو یہ الزام عائد کرنے کے بعد مار مار کر ہلاک کر دیا کہ وہ جادو ٹونے کے ذریعے گاؤں والوں کو مصائب میں مبتلا کر رہی تھیں۔

https://p.dw.com/p/1GBzL
Indien Hexenjagd
2010ء: حقوقِ انسانی کے عالمی دن کے موقع پر مشرقی بھارتی شہر گوہاٹی میں کچھ ایسی خواتین اپنے تجربات بیان کر رہی ہیں، جن پر جادو ٹونا کرنے کے الزامات لگائے گئےتصویر: picture-alliance/dpa

مختلف خبر رساں اداروں کی متفقہ رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ ریاستی دارالحکومت رانچی سے پینتالیس کلومیٹر دور پیش آیا۔ پولیس نے ان خواتین کے قتل کے الزام میں دو درجن افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

فون پر اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے رانچی کے ڈپٹی پولیس چیف ارون کمار سنگھ نے بتایا:’’گاؤں والوں کے ایک گروپ نے ان خواتین کو جمعے کو آدھی رات کے وقت اُن کی جھونپڑیوں سے گھسیٹ کر باہر نکالا، اُنہیں جادو ٹونے کرنے کے لیے قصور وار قرار دیا اور پھر لکڑی کے ڈنڈے اور چھریاں مار مار کر ان خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔‘‘

ارون کمار سنگھ کے مطابق 24 دیہاتیوں کو ان خواتین کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ مرنے والی خواتین کی عمریں پنتالیس اور پچاس کے درمیان تھیں۔

جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے نے ایک مقامی پولیس انسپکٹر بندنا باکھلا کے حوالےسے بھی بتایا ہے کہ اس مشتعل ہجوم میں شامل کئی افراد نے اپنے ہاتھوں میں تیز دھار آلات اٹھا رکھے تھے۔

ان حملہ آور افراد نے ان خواتین پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ گاؤں پر آنے والی مصیبتوں کی ذمے دار ہیں اور اُنہی کی وجہ سے گاؤں کے بہت سے لوگ بیمار ہو گئے ہیں۔

بھارت کے غریب پسماندہ علاقوں میں لوگ آج بھی جادو ٹونے پر یقین رکھتے ہیں۔ بہت سے مقامات پر ایسی خواتین کو بے لباس کر کے تشدد کیا جاتا ہے، زندہ جلا دیا جاتا ہے یا پھر گھروں سے گھسیٹ کر باہر لایا جاتا ہے اور مار مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔

Indien Hexenjagd
کھیدائی رابھا پر بھی جادو ٹونا کرنے کا الزام لگا، ریاست آسام کی جانب سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں اُنہوں نے اپنے ساتھ بیتنے والے واقعات بیان کیےتصویر: picture-alliance/dpa

چند ایک بھارتی ریاستوں نے، جن میں جھاڑ کھنڈ بھی شامل ہے، اس طرح سے خواتین پر ’جادوگرنیاں‘ ہونے کا الزام لگانے والوں ا ور ایسی خواتین کو حملوں کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف قوانین بھی متعارف کروائے ہیں۔

جھاڑ کھنڈ کے وزیر اعلیٰ نے ہفتہ آٹھ اگست کو اپنے ایک بیان میں اس تازہ واقعے کی مذمت کی ہے اور زور دیا ہے کہ معاشرے کو بھی ایسے واقعات کی ’پُر زور مذمت کرنی چاہیے‘۔ اُنہوں نے اس بیان میں کہا ہے:’’علم و فضل کے اس دور میں اس طرح کا واقعہ بہت ہی افسوس ناک ہے۔‘‘

بھارت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے مطابق سن 2000ء سے لے کر 2012ء تک کے عرصے کے دوران کم از کم دو ہزار ایک سو افراد کو جادو ٹونے کے الزام میں قتل کیا گیا، جن میں سے اکثریت خواتین کی تھی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید