1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کا 68 واں یوم آزادی، ریپ کیسز پر مودی ’شرمسار‘

15 اگست 2014

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والا جنوبی ایشیائی ملک بھارت آج اپنا 68 واں یوم آزادی منا رہا ہے۔ اس حوالے سے ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/1CvLs
تصویر: Prakash Singh/AFP/Getty Images

مرکزی تقریب دارالحکومت نئی دہلی کے لال قلعہ میں منعقد ہوئی جس سے نئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا۔ اس خطاب میں انہوں نے بھارت کو درپیش مختلف مسائل کے ذکر کے ساتھ ساتھ عوام کی صورتحال میں بہتری کے لیے اپنے ارادوں کا اظہار بھی کیا۔

نئی دہلی میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک سے فرقہ ورانہ تشدد کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔ رواں برس مئی میں برسر اقتدار آنے والے نریندر مودی نے قریب ایک گھنٹہ دورانیے کی اس تقریر کے دوران ملک کو درپیش مختلف مسائل کا ذکر کیا۔ بھارت میں حالیہ چند برسوں کے دوران بڑھتے ہوئے جنسی زیادتی کے واقعات بھی انہی مسائل میں شامل ہیں۔

ئی دہلی کے لال قلعہ میں منعقدہ تقریب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیا
ئی دہلی کے لال قلعہ میں منعقدہ تقریب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خطاب کیاتصویر: Reuters

63 سالہ نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ملک میں جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات ملک کے لیے شرم کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے واقعات کے لیے دوسروں کی بیٹیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کی بجائے اپنے بیٹوں کے کردار کی ذمہ داری لیں۔ مودی کا کہنا تھا، ’’جب ہم ان جنسی زیادتی کے واقعات کے بارے میں سنتے ہیں تو ہمارا سر شرم سے جُھک جاتا ہے۔‘‘ مودی کا مزید کہنا تھا، ’’قانون اپنا کردار ادا کرے گا مگر بطور معاشرہ یہ تمام والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بیٹوں کو درست اور غلط کے بارے میں سکھائیں۔‘‘

ملکی نوکر شاہی پر نالاں

نریندر مودی نے اپنے خطاب کے دوران ملک کو درپیش فوری مسائل کے حل کے حوالے سے ملکی بیوروکریسی کی طرف سے لیت ولعل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ مودی مرکزی حکومت کی سربراہی حاصل کرنے سے قبل 13 برس تک ملک کی صنعتی حوالے سے معروف مغربی ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ رہے ہیں۔ تاہم مرکز میں ملکی بیوروکریسی کے کردار پر وہ خوش دکھائی نہیں دیتے۔ اس حوالے سے مودی کا کہنا تھا، ’’میں نے یہاں تک دیکھا کہ ایک حکومت کے اندر درجنوں حکومتیں بنی ہوئی تھیں۔ یہ ایسے ہی تھا جیسے ہر ایک کی اپنی جاگیر ہو۔‘‘ مودی کے مطابق انہوں نے یہ دیواریں توڑنے کی کوشش کی ہے۔

مودی نے عوام کی صورتحال میں بہتری کے لیے اپنے ارادوں کا اظہار بھی کیا
مودی نے عوام کی صورتحال میں بہتری کے لیے اپنے ارادوں کا اظہار بھی کیاتصویر: DW/S. Waheed

مودی نے اپنے خطاب میں بہتر حکومت کی ضرورت پر تو زور دیا تاہم ایسی کسی تجارتی یا مارکیٹ اصلاحات کا کوئی ذکر نہ کیا جن کے وعدے انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کیے تھے۔ تاہم انہوں نے ملکی مالیاتی خدمات کا دائرہ وسیع کرنے کے اپنے ایک منصوبے کا اعلان ضرور کیا جس سے ملک کی 40 فیصد آبادی فائدہ اٹھا سکے گی۔

مودی نے اپنے خطاب میں یہ عندیہ بھی دیا کہ وہ ملک کے مرکزی پلاننگ کمیشن کو تبدیل کر دیں گے تاکہ روایتی سوشلسٹ طرز کی معیشت کے فروغ کی بجائے اسے وقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔ نریندر مودی نے ملک میں ذات پات کے نظام کو ختم کرنے اور فرقہ ورانہ تشدد کے خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔