1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کورونا سے سب سے زیادہ متاثرہ ساتواں ملک بن گیا

جاوید اختر، نئی دہلی
1 جون 2020

بھارت ایک دن میں ریکارڈ تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار نئے کیسز کے ساتھ جرمنی اور فرانس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ساتواں ملک بن گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3d5y5
Bangladesch Personen tragen eine Leiche zur Beerdigung in Dhaka
تصویر: bdnews24

ماہرین صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت میں کووڈ انیس جس تیزی سے پھیل رہا ہے اس کے مدنظر اگلے چند دنوں میں یہ اسپین اور اٹلی کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے پانچواں سب سے متاثرہ ملک بن جائے گا۔ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اتنا بڑا اضافہ صرف تین دنوں میں ہوا ہے جب بھارت نویں نمبر پر تھا۔

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کووڈ انیس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار 622 ہوچکی ہے، جبکہ اب تک 5408 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اتوار کو صرف ایک دن میں 193ہلاکتیں اور 8380 نئے کیسز درج کیے گئے۔ لیکن اچھی بات یہ ہے کہ اب تک 91 ہزار سے زائد مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

متاثرین کی تعداد میں یہ زبردست اضافہ ایسے وقت ہوا ہے جب حکومت نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ملک گیر لاک ڈاون کو تقریباً دو ماہ کے بعد مرحلہ وار طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت نے گوکہ لاک ڈاون کی مدت 30 جون تک بڑھا دی ہے تاہم پیر یکم جون سے کاروباری اور دیگر سرگرمیوں کو مرحلہ وار کھولا جارہا ہے۔ اس کے تحت انتہائی متاثرہ علاقوں کو چھوڑ کر دیگر تمام علاقوں میں مالز، ہوٹل، ریستوراں اور تمام مذہبی عبادت گاہوں کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں آنے جانے پر عائد پابندیاں بھی ختم کردی گئی ہیں۔ تاہم رات نو بجے سے صبح پانچ بجے تک کا کرفیو بدستور جاری رہے گا۔ دوسری طرف اسکولوں، سنیما ہالوں اور بین الاقوامی پروازوں کو کھولنے کا فیصلہ صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد اگلے چند ہفتے کے بعد کیا جائے گا۔

مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد 67 ہزار سے متجاوز

دریں اثنا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے 2487 نئے کیسز سامنے آئے اور 89 افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے ساتھ ہی مہاراشٹر میں متاثرین کی تعداد 67 ہزار  655 ہوگئی ہے جبکہ ریاست میں اب تک 2286 لوگو ں کی موت ہوچکی ہے۔ صرف ممبئی میں ہی پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا وائرس کے 1244 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ 

Indien Wanderarbeiter verlassen Neu Delhi wegen der Corona Pandemie
حکومت نے کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ملک گیر لاک ڈاون کو تقریباً دو ماہ کے بعد مرحلہ وار طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔تصویر: Reuters/A. Abidi

دہلی میں متاثرین کی تعداد تقریباً 20 ہزار

اس دوران قومی دارالحکومت دہلی میں پچھلے 24 گھنٹے میں کووڈ انیس کے ریکارڈ کیسز سامنے آئے۔ دہلی میں مسلسل چوتھے دن کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زیادہ نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ دہلی میں اتوار کو 1295 نئے کیسز درج کیے گئے جس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 19ہزار 844ہوگئی ہے، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 473  تک پہنچ گئی ہے۔ تاہم ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے کیوں کہ میونسپل کارپوریشنوں کے ریکارڈ کے مطابق چند دنوں قبل تک ہی کووڈ انیس سے ہلاک ہونے والے 600 سے زائد افراد کی تدفین اور آخری رسومات ادا کی جاچکی ہیں۔

68 دن میں 94 سرکاری احکامات

بھارت میں کووڈ انیس پر قابو پانے کے لیے ملک گیر لاک ڈاون کے آغاز کے بعد سے اتوار تک پچھلے 68 دنوں کے اندر مرکزی وزارت داخلہ 94 سرکاری احکامات جاری کرچکی ہے گویا وزارت نے روزانہ اوسطاً1.3 آرڈر جاری کیے۔

یہ احکامات ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے تحت ملک میں پہلی مرتبہ جاری کیے گئے۔ یہ قانون 2004میں آئے سونامی کے بعد بنایا گیا تھا۔ اس قانون کے تحت ہی لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف معاملات درج کیے جارہے ہیں۔

بھارت: ٹرین سروس کی جزوی بحالی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں