1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی جیت، نیوزی لینڈ کمپیک کپ سے باہر

11 ستمبر 2009

سری لنکا میں جاری سہ فریقی ’’کمپیک کپ‘‘ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو محض 155 رنز پر ڈھیر کرکے کامیابی سے ہدف کا تعاقب کیا۔

https://p.dw.com/p/JdHG
تصویر: AP

بھارت نے اس میچ میں چھہ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ بھارت کی جانب سے سریش رینا نے 45 اور مہیندر سنگھ دھونی نے 35 رنز بنائے، دونوں آخر تک ناٹ آوٴٹ رہے۔ سچن ٹندولکر، راہل ڈراوڈ، یووراج سنگھ اور دنیش کارتھک خاطر خواہ بیٹنگ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔

Mahendra Singh Dhoni
مہندر سنگھ دہونی خوشگوار موڈ میںتصویر: AP

اس سے قبل بھارت کے تینوں میڈیم پیسرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آشیش نہرا نے تین جبکہ آر پی سنگھ اور ایشانت شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اسپنر یووراج سنگھ نے بھی اکتیس رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ آشیش نہرا اپنی بہترین بولنگ کے لئے ’مین آف دی میچ‘ قرار پائے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ویٹوری نے اپنی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ پچیس رنز بنائے تاہم کوئی بھی کیوی بیٹسمین اپنی اننگز سنبھالنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ کیوی کپتان ڈینیئل ویٹوری نے تینتیس رنز پر دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

’’کمپیک کپ‘‘ کے پہلے میچ میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو 97 رنز سے ہرایا تھا۔ اس طرح نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچ ہارجانے کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔

دریں اثناء بھارتی ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین گوتم گمبھیر کے زخمی ہونے کے باعث اب دلّی سے تعلق رکھنے والے جارحانہ بیٹسمین وراٹ کوہلی کو ٹورنامنٹ کے لئے ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ زخمی افتتاحی بیٹسمین گوتم گمبھیر کو دس دن کے آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس طرح سری لنکا میں اب بھارتی ٹیم کے پاس دونوں ریگولر اوپننگ بیٹسمین نہیں ہیں کیونکہ وریندر سہواگ بھی کندھے کی چوٹ کے باعث ٹیم سے باہر ہیں۔

رپورٹ: گوہر نذیر گیلانی

ادارت: امجد علی