1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں لاپتہ ہوتے مرد شہری

عاطف بلوچ28 جنوری 2016

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دور افتادہ درد پورہ نامی گاؤں کی رہائشی بیگم جان اپنے دس بچوں کے ساتھ اپنے لاپتہ شوہر کی راہ تکتی رہتی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے اس کے شوہر کو غائب کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hl3u
Symbolbild Indien muslimische Frauen Muslimin Kaschmir
تصویر: Reuters/P.Rossignol

بیگم جان کا بیالیس سالہ شوہر غلام جیلانی گزشتہ نومبر سے لاپتہ ہے۔ اس کے کنبے کا کہنا ہے کہ جیلانی کو بھارتی فوج نے اغوا کیا ہے۔

بیگم جان نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خوف کا اظہار یوں کیا، ’’اگر بھارتی فوج نے میرے شوہر کو اٹھایا ہے تو ضرور اسے ہلاک کر دیا گیا ہو گا۔‘‘ تاہم اڑتیس سالہ اس لاچار خاتون کی آنکھوں میں ایسی امید اب بھی برقرار ہے کہ اس کے بچوں کا باپ واپس ضرور آئے گا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں تعینات فوجیوں پر کئی عشروں سے یہ الزام بھی عائد کیا جاتا رہا ہے کہ وہ جعلی پولیس مقابلوں میں مقامی لوگوں کو ہلاک کرتے رہے ہیں تاکہ وہ ترقی اور انعامات حاصل کر سکیں۔

انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ بھارتی کشمیر میں 1989ء سے لے کر اب تک کم ازکم بھی آٹھ ہزار افراد لاپتہ ہوچکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر نوجوان مقامی مسلمان باشندے تھے۔

اگرچہ گزشتہ دہائی میں ایسے واقعات کے رونما ہونے میں کمی نوٹ کی گئی ہے لیکن حال ہی میں اس طرح کے کیس ریکارڈ کیے جا رہے ہیں، جو پریشانی کا باعث تصور کیے جا رہے ہیں۔

لائن آف کنٹرول کے قریب ہی واقع دلکش اور خوبصورت دردپورہ نامی گاؤں شورش کے زمانے میں بہت زیادہ متاثر ہوا تھا۔ اطلاعات ہیں کہ غلام جیلانی سترہ نومبر کو اسی گاؤں میں اُس وقت لاپتہ ہوا تھا، جب وہ اپنے ایک ساتھی مزدور اور ایک بھارتی فوجی کے ساتھ گھر سے کہیں گیا تھا۔

یہ امر اہم ہے کہ غلام جیلانی کن حالات میں لاپتہ ہوا، آزادانہ طور پر اس بارے میں کوئی مصدقہ اطلاع نہیں ہے۔

Symbolbild Indien Kaschmir Soldaten getötet
انسانی حقوق کے گروپوں کا کہنا ہے کہ بھارتی کشمیر میں 1989ء سے لے کر اب تک کم ازکم بھی آٹھ ہزار افراد لاپتہ ہوچکے ہیںتصویر: Tauseef Mustafa/AFP/Getty Images

حسینہ بھی شوہر کی واپسی کی منتظر

دس بچوں کی کفالت کرنے والی بیگم جان اپنے کچھ رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی تلاش میں وہ ایک اور کمشیری خاتون حسینہ تک جا پہنچی۔ حسینہ کا شوہر محمد علی بھی اُنہی دنوں میں لاپتہ ہوا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ سابق باغی علی محمد بھی اسی فوجی اہلکار کے ساتھ کہیں نکلا تھا، جس کے ساتھ غلام جیلانی گیا تھا۔ علی محمد بھی آج تک واپس نہیں لوٹا۔

تین بچوں کی ماں حسینہ نے پرنم آنکھوں کے ساتھ اے ایف پی کو بتایا، ’’میں ہر لمحہ اپنے شوہر کا انتظار کرتی رہتی ہوں۔ مجھے امید ہے کہ وہ واپس آ جائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ شوہر کی جدائی کی وجہ سے انہیں نہ صرف جذباتی دھچکا پہنچا ہے بلکہ وہ اور ان کے بچے بھی لاوارث ہو کر رہ گئے ہیں۔

مقامی پولیس کے ایک اعلیٰ اہلکار اعجاز احمد بھٹ کے مطابق ایک بھارتی فوجی کو گرفتار کر کے ریمانڈ پر بھیجا جا چکا ہے۔ ان کے بقول اس فوجی پر اغوا کے الزام میں فرد جرم بھی عائد کی جا چکی ہے۔

اسی طرح پولیس ایک ایسے ٹیکسی ڈرائیور کو بھی حراست میں لے چکی ہے، جس نے اس فوجی اور دیگر تین افراد کو ایک عسکری کیمپ میں اتارا تھا۔ بھارتی فوج کے مطابق ان الزامات کے تناظر میں وہ اپنی سطح پر بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

کوئی مدد نہیں ملتی، کشمیریوں کا الزام

متاثرہ کشمیری افراد کا کہنا ہے کہ نہ تو پولیس ان کی مدد کر رہی ہے اور نہ ہی فوج۔ بیگم جان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شوہر کے لاپتہ ہونے کے بعد سے پندرہ مرتبہ کورٹ میں بھی جا چکی ہے لیکن اسے کوئی تسلی بخش جواب نہیں مل سکا۔

بیگم جان نے مزید کہا، ’’سن 1992 میں میرے والد کو بھی اسی طرح غائب کر دیا گیا تھا۔ ان کا بھی ابھی تک کوئی پتہ نہیں چل سکا۔‘‘

Indien Kaschmir beschlagnahmte Waffen der Rebellen
بھارتی فوج کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ مشتبہ افراد کو ہلاک اور ان کی جائیداد ضبط کر سکتی ہےتصویر: Getty Images/AFP/T. Mustafa

ادھر بھارتی حکومت کشمیر میں لوگوں کے اغوا یا غائب کر دیے جانے سے متعلق دعووں کو مسترد کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد عسکری تربیت حاصل کرنے کے لیے پاکستان جاتے ہیں۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں تعینات فوجیوں کو سن 1990 میں متعارف کرائے گئے ’آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ‘ کا سہارا بھی حاصل ہے، جس کے تحت فوج کو قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ مشتبہ افراد کو ہلاک اور ان کی جائیداد ضبط کر سکتی ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں