1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلجیئم میں دو ٹرینوں کی ٹکر، کم از کم 20 ہلاک

15 فروری 2010

بیلجیئم میں ریل کے ایک حادثے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دو ٹرینوں کی آمنے سامنے سے ٹکر کے۔باعث یہ حادثہ پیر کی صبح دارالحکومت برسلز سے 15 کلومیٹر جنوب مغرب کی جانب واقع شہر Halle کے قریب پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/M1RC
تصویر: AP

ایک دوسرے سے ٹکرانے والی یہ ریل گاڑیاں کام پر جانے والے مسافروں سے بھری ہوئی تھیں۔ Halle شہر کے میئر ڈِرک پیٹرز نے فلیمش پبلک ٹی وی VRT اور قومی پریس ایجنسی بیلگا کو بتایا کہ کم از کم 20 افزاد ہلاک ہوئے ہیں۔

میئر نے مزید بتایا:’’تمام امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچی ہوئی ہیں۔ شدید زخمیوں کو ہسپتال لے جانے سے پہلے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔‘‘ میئر کے برعکس پولیس کا خیال ابھی یہی ہے کہ کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

Zugunglück in Belgien Flash-Galerie
ریل حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں ریل کی پٹڑیوں کا معائنہ کر رہی ہیںتصویر: AP

بتایا جا رہا ہے کہ ٹکر بڑی شدید تھی، متعدد مسافروں کو گہرے زخم آئے ہیں اور کئی ایک کے اعضاء غالباً کاٹنا پڑیں گے۔ حادثے کے نتیجے میں کئی بوگیاں الٹ گئیں۔

اِس حادثے کے باعث ریل گاڑیوں کی آمدورفت شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ بیلجیئم سے فرانس اور انگلینڈ جانے والی ریل گاڑیوں کے شیڈول میں زبردست خلل پڑا ہے۔ برسلز سے پیرس جانے والی تیز رفتار گاڑیاں اب مزید سفر نہیں کر رہیں اور غالباً پیر کا پورا دن ریلوے ٹریکس خلل کا شکار رہیں گے۔

واضح رہے کہ سن 2008ء میں وسطی بیلجیئم میں غلط رُخ پر سفر کرنے والی ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی تھی اور چالیس سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اُس حادثے کی وجہ انسانی غلطی قرار دی گئی تھی۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: گوہر نذیر گیلانی