1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بینکاک :حکومت مخالف مظاہرے

24 نومبر 2008

تھائی لینڈ میں گزشتہ چھ ماہ سے جاری حکومت مخالف عوامی تحریک آج زور پکڑتی نظر آرہی ہے۔

https://p.dw.com/p/G1A2
پیلا رنگ تھائی بادشاہ سے اپنی وفاداری کے اظہار کے لیے پہنا گیا ہے۔تصویر: AP

حکومت مخالف People's Alliance for Democracy کی کال پر بینکاک میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ جمع ہیں اور وزیر اعظم سومچائے سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

حکومت مخالف مظاہرین نے پارلیمنٹ کا محاصرہ کر لیا ہے اور بجلی منقطع کر دی۔ جس کے باعث حکومت کوپارلیمان کا اجلاس موخر کرنا پڑا۔ مظاہرین کا ایک جم غفیر، پیلے رنگ کی ٹی شرٹس پہنے ہوئے ہیں ۔

پیلا رنگ تھائی بادشاہ سے اپنی وفاداری کے اظہار کے لیے پہنا گیا ہے۔ مظاہرین وزیر اعظم سومچائے وونگ ساوت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ پیپیلز الائنس فور ڈیموکریسی (پی اے ڈی) کہلانے والے ان مظاہرین نے پارلیمنٹ کی عمارت کے علاوہ پولیس ہیڈکوارٹر اور دوسری کئی سرکاری عمارتوں تک جانے والےتمام راستوں میں رکاوٹوں کھڑی کر رکھی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مظاہرین ،بینکاک کے پرانے ہوائی اڈے ، جہاں گزشتہ تین ماہ سے تھائی وزیر اعظم کا عارضی دفتر قائم ہے، وہاں بھی جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

Thailand Demonstrationen
پی اے ڈی گزشتہ چھ ماہ سے حکومت مخالف عوامی تحریک چلا رہی ہے ۔تصویر: AP

واضح رہے کہ ان مظاہرین نے پچھلے تین ماہ سے وزیراعظم سومچائے وونگ ساوت کے دفتر کی عمارت پربھی قبضہ کیا ہوا ہے جس کے باعث بینکاک کے پرانے ہوائی اڈے کے وی آی پی لاؤنج کو وزیراعظم کا عارضی دفتر بنایا گیا تھا۔

گزشتہ برس سات اکتوبر کو ہونے والے پر تشدد احتجاج میں دو افراد ہلاک اور پانچ سو زخمی ہوئے تھے، جس کے پیش نظر تھائی حکام مظاہروں کی اس نئی لہر سے خوفزدہ ہیں حکومت کی جانب سے اس بار پولیس اہلکاروں کو عوام کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔

پی اے ڈی گزشتہ چھ ماہ سے حکومت مخالف عوامی تحریک چلا رہی ہے ۔ یہ اتحاد موجودہ وزیراعظم سومچائے پر بد عنوانی کا الزام لگاتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ جلا وطن سابق وزیر اعظم تھاکسن شناوات کے آلہ کار ہیں۔ تھاکسن شناوات، موجودہ وزیراعظم سومچائے کے بہنوئی ہیں۔ وہ رواں سال اگست میں ملک سے فرار ہو گئے تھے لیکن تھاکسن کے حامیوں اور فوج، محل اور بیوروکریسی کے مابین طاقت کی جنگ جاری ہے۔

وزیراعظم سومچائے،اس وقت ملک میں موجود نہیں وہ ایشیا اور بحرالکاہل اقتصادی فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے پیرو گئے ہوئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں نائب وزیراعظم چاوارت Chavarat Charnvirakul تھائی لینڈ کے حکومتی سربراہ کا عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔ پی اے ڈی کے تین اہم رہنماؤں نے آج اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بدھ کے روز وزیراعظم کی واپسی پر شدید احتجاج کریں گے۔