1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بین الاقوامی فلمی میلے Berlinale کی آمد آمد

16 جنوری 2010

گیارہ فروری سے برلن میں سالانہ بین الاقوامی فلمی میلہ بیرلینالے شروع ہو رہا ہے۔ اِس میں ایک بار پھر تقریباً چار سو فلمیں دکھائی جائیں گی، جن کا انتخاب دُنیا بھر سے روانہ کی گئی تقریباً چھ ہزار فلموں میں سے کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/LXRf
تصویر: AP

اِس میلے میں جرمن فلمی صنعت کی ممتاز اداکارہ حانا شیگولا کو فلم کے لئے اُن کی عمر بھر کی خدمات کے بدلے میں ایک اعزازی گولڈن بیئر سے نوازا جائے گا۔ 65 سالہ شیگولا نے نامور ہدایتکار رائنر وَیرنر فاس بِنڈر کے ساتھ بیس فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور یوں جدید جرمن فلم پر ان کی خوبصورت اداکاری کی گہری چھاپ ہے۔ اُن کا نام یورپ بھر میں جانا پہچانا ہے۔

Berlinale 2009
اِس سال کے میلے کے لئے اب تک دو لاکھ ستر ہزار سے زیادہ سینما ٹکٹ فروخت بھی ہو چکے ہیںتصویر: AP

1979ء میں اُنہوں نے فلم ’’دا میریج آف ماریا براؤن‘‘ میں اپنی شاندار اداکاری پر برلن میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتا تھا۔ 1983ء میں ہدایتکار مارکو فیریری کی فلم "Storia di Piera" کے لئے شیگولا کو فرانسیسی کان میلے میں بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 2007ء میں اُنہوں نے ترک نژاد جرمن ہدایتکار فاتی آکین کی فلم ’’دا اَیج آف ہیون‘‘ میں اپنی اداکاری کے لئے بھی زبردست داد وصول کی۔

Berlinale 2007 - Lorenz, Schygulla, Lamprecht
سڑسٹھ سالہ حانا شیگولا (درمیان میں) دو ہزار سات کے بین الاقوامی برلن فلمی میلے میںتصویر: AP

حانا شیگولا گولڈن بیئر کا اعزاز اٹھارہ فروری کو برلن میں منعقدہ ایک تقریب میں وصول کریں گی۔ اِمسالہ میلے میں اُن کی منتخبہ فلمیں بھی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔

بھارتی فلمی صنعت کی بھی دو فلمیں اِمسالہ میلے کے لئے منتخب کی گئی ہیں: اُمیش کُلکرنی کی ’’وی ہیر‘‘ اور دیو بینیگال کی ’’روڈ، مُووی‘‘۔ اِس بار مقابلے میں شامل فلموں کو جانچنے کے لئے جو جیوری نامزد کی گئی ہے، اُس کی قیادت آسکر ایوارڈ کے لئے نامزد کئے گئے جرمن ہدایتکار وولف گانگ ہیرسوگ کریں گے۔

گزشتہ برس جیوری کی قیادت کے فرائض ممتاز برطانوی اداکارہ ٹِلڈا سونٹن نے ادا کئے تھے۔ اِس بار بھی وہ اِس میلے میں شریک ہوں گی کیونکہ وہ امسالہ میلے میں نمائش کی جانے والی فلم ’’اِیو سونو لامورے‘‘ (مَیں محبت ہوں) میں میلان کے ایک خاندان میں شادی کرنے والی ایک روسی خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

80. Oscar-Verleihung Tilda Swinton beste Nebendarstellerin
دو ہزار آٹھ میں برطانوی اداکارہ ٹِلڈا سونٹن ، بہترین معاون اداکارہ کے آسکر ایوارڈ کے ساتھتصویر: picture-alliance/ dpa

اِس سال کے میلے کے لئے اب تک دو لاکھ ستر ہزار سے زیادہ سینما ٹکٹ فروخت بھی ہو چکے ہیں۔ یوں تماشائیوں کی شرکت کے حوالے سے اِسے دُنیا کا سب سے بڑا فلمی میلہ کہا جا سکتا ہے۔ امسالہ میلے کے موقع پر دُنیا کے ایک سو چھتیس ملکوں سے اُنیس ہزار سے زیادہ شخصیات برلن پہنچ رہی ہیں، جن میں چار ہزار صحافی بھی شامل ہیں۔

ہر سال کی طرح اِس بار بھی "Shorts" کے عنوان کے تحت مختصر فلمیں بھی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی، جن کے مقابلے کے شعبے میں پندرہ ملکوں سے پچیس فلمیں منتخب کی گئی ہیں۔ ان کا انتخاب دُنیا بھر سے بھیجی گئی 2,600 فلموں میں سے کیا گیا ہے۔

اِس بار بھی اِس میلے میں ہالی وُڈ کے مایہ ناز فلمی ستاروں کی شرکت متوقع ہے، جن میں سے زیادہ تر ایسی فلموں کی تشہیر کے لئے برلن آئیں گے، جن میں اُنہوں نے خود اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ اپنی نوعیت کا یہ ساٹھواں بیرلینالے اکیس فروری تک جاری رہے گا۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : عاطف توقیر