1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آئی ایم ایف کی سربراہ کی عدالت میں طلبی

صائمہ حیدر22 جولائی 2016

آئی ایم ایف کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ کو فرانس کی سب سے بڑی اپیل کورٹ نے عدالت میں پیشی کا حکم دیا ہے۔ لاگارڈ پر الزام ہے کہ انہوں نے فرانس کی وزیر معیشت کی حیثیت سے ایک تاجر کو بے تحاشا سرکاری رقوم کی ادائیگی کی تھی۔

https://p.dw.com/p/1JURV
Frankreich Ermittlungsverfahren gegen IWF-Chefin Christine Lagarde
آئی ایم ایف کی ساٹھ سالہ سربراہ کو ایک خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہونا ہو گاتصویر: Reuters

اس معاملے نے ان کے شاندار سیاسی کیریر کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ فرانس کی ایک اعلیٰ ترین عدالت نے ایک تاجر برناغ ٹیپی اور سرکاری بینک کے مابین تنازعے میں غفلت برتنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف لاگارڈ کے اعتراض کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹیپی کو سن 2008 میں تلافی کے معاوضے کے طور پر چار سو چار ملین یورو ادا کیے گئے تھے۔ یہ ادائیگی لاگارڈ کے اس فیصلے کے بعد کی گئی تھی جس میں اس نے کھیل کے کپڑے بنانے والی کمپنی ادیداس کی فروخت کے معاملے کو ثالثی سے طے کرنے کا حکم دیا تھا۔ جمعے کے روز اس عدالتی حکم کا مطلب یہ ہے کہ آئی ایم ایف کی ساٹھ سالہ سربراہ کو اس خصوصی عدالت کے سامنے پیش ہونا ہو گا جو ان حکومتی وزراء کے خلاف مقدموں کی سماعت کرتی ہے، جن پر اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران بد عنوانی کا الزام ہوتا ہے۔ یہ عدالتی حکم لاگارڈ کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں کیوں کہ ان کو کافی عرصے سے مستقبل کی ممکنہ فرانسیسی صدر کی حیثیت سے پیش کیا جاتا رہا ہے۔

لاگارڈ کا موقف ہے کہ انہوں نے جو بھی کیا فرانس کے بہترین مفاد میں کیا۔ اس بات کی تصدیق ہونے کہ بعد کہ لاگارڈ کو ہر صورت مقدمے کا سامنا کرنا ہو گا، آئی ایم ایف نے ان کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا ہے۔

Frankreich Dominique Strauss-Kahn Urteil in Paris
گزشتہ برس ہی لاگارڈ کے پیش رو ڈومنیک سٹراؤس کاہن کو فرانس کی ایک عدالت نے جنسی زیادتی کے الزام سے بری کیا ہےتصویر: Reuters/G. Fuentes

بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ترجمان گیری رائس نے کہا ہے کہ ادارے کو اپنی سربراہ کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے۔‘‘ لاگارڈ کے وکیل کو یقین ہے کہ ان کی مؤکلہ اس الزام سے بری ہو جائیں گی۔ لاگارڈ مقدمے کا سامنا کرنے والی مسلسل تیسری آئی ایم ایف کی سربراہ ہوں گی۔ اس سے قبل گزشتہ برس ہی ان کے پیش رو ڈومنیک سٹراؤس کاہن کو فرانس کی ایک عدالت نے جنسی زیادتی کے الزام سے بری کیا ہے۔ سابق آئی ایم ایف سربراہ روڈریگو راتو کو بھی فنڈز کے غلط استعمال کے الزام میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا جا چکا ہے۔ سن 2014 میں بھی لاگارڈ سے ٹیپی اور ایک سرکاری بینک کے مابین طویل عرصے تک چلنے والے تنازعے کے حوالے سے رسمی چھان بین کی جا چکی ہے۔ یاد رہے کہ لاگارڈ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم ایسے وقت میں آیا ہے جب انہیں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کی دوسری مرتبہ سربراہی سنبھالے چند روز ہی ہوئے ہیں۔