1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیگم کی کامیابیوں نے ڈبل سنچری پر مجبور کر دیا، شعیب ملک

عاصمہ علی15 اکتوبر 2015

پاکستانی بلے باز شعیب ملک نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں انہوں نے ڈبل سنچری رواں برس کے دوران اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا کی مسلسل کامیابیوں سے متاثر ہو کر بنائی۔

https://p.dw.com/p/1Gou3
تصویر: Getty Images/AFP

شعیب ملک نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اپنے کیریئر کے بہترین 245 رنز بناکر پانچ سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی شاندار واپسی ہوئی ہے۔ یہ کامیابی انہوں نے اپنی بھارتی بیوی اور معروف ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا کے بیجنگ میں چائینا اوپن کے ڈبل مقابلہ جیتنے کے چاردن بعد حاصل کی۔ اب وہ اپنی بیوی ثانیہ مرزا کے ساتھ خوشی سے مقابلہ کر سکتے ہیں، جنہوں نے مارٹینا ہنگس کے ساتھ مل کر رواں برس ومبلڈن اور یو ایس اوپن میں گرینڈ سلیم ڈبلز ٹائٹلز جیتے ہیں۔

شعیب ملک نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل سنچریاں روزانہ نہیں بنتی۔’’جب ثانیہ ٹینس میں کامیابی حاصل کرتی ہیں تو قدرتی طور پر ان کی جیت سے متاثر ہو کرمجھے بھی کرکٹ میں اچھی کاکردگی دکھانے کا حوصلہ ملتا ہے۔‘‘

ملک نے مزید بتایا کہ ’’یہ بہت اچھی بات ہے کہ شوہر اور بیوی دونوں کھلاڑی ہیں۔ میری ڈبل سنچری پر وہ بھی اتنا ہی خوش ہوئی ہے جتنا میں اس کی کامیابیوں پر خوش ہوتا ہوں۔‘‘

بدھ کو شروع ہونے والی ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں جب شعیب ملک کھیلنے آئے تو اس وقت پاکستان نے ایک کھلاڑی کے نقصان پر پانچ رنز بنائے تھے۔ تاہم جب وہ آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان 8 وکٹوں کے نقصان پر 523 رنز بنا چکا تھا اور اس دوران وہ محمد حفیظ اور اسد شفیق کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ بھی کھیل چکے تھے۔

میری ڈبل سنچری پر وہ بھی اتنا ہی خوش ہوئی ہے جتنا میں اس کی کامیابیوں پر خوش ہوتا ہوں، شعیب ملک
میری ڈبل سنچری پر وہ بھی اتنا ہی خوش ہوئی ہے جتنا میں اس کی کامیابیوں پر خوش ہوتا ہوں، شعیب ملکتصویر: AP

جب ان کی اننگز ختم ہوئی تو انہیں ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے ڈرپ لگائی گئی مگر ملک نے کہا ’’یہ واقعی مشکل تھا لیکن یہ چونکہ ٹیسٹ کرکٹ میں میری واپسی تھی اس لیے میں نے سب کچھ مسکراتے ہوئے کیا۔‘‘

ثانیہ مرزا کی کامیابیوں کے حوالے سے شعیب ملک نے کہا ’’مجھے اس پر فخر ہے۔ میں اپنے موبائل ایپ کے ذریعے اس کے کھیل سے باخبر رہتا ہوں اور وہ ہمیشہ کہتی ہے کہ کرکٹ اس کا پسندیدہ کھیل ہے۔‘‘

اظہر علی پاؤں کی چوٹ کی وجہ سے زخمی ہیں، جس کی وجہ سے شعیب ملک کو ٹیم میں لیا گیا ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ ’’یہ بہت مشکل تھا۔ علی کے اچھے کھیل کی وجہ سے مجھ پر تھوڑا بہت دباؤ تھا لیکن مجھے خود کو ثابت کرنے کے لیے یہ ایک بہت اچھا موقع تھا اور مجھے فخر ہے کہ میں نے ڈبل سنچری سکور کی۔‘‘ ان کے بقول چونکہ کرکٹ ٹینس کی طرح انفرادی کھیل نہیں ہے تو وہ اس وقت خوش اور مطمئن ہوں گے جب پاکستان یہ ٹیسٹ سیریز جیت جائے گا۔