1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تاریخ رقم: سینیٹر باراک سے شروع، امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر اوباما پر ختم

گوہر نذیر گیلانی6 نومبر 2008

باراک حسین اوبامہ امریکہ کے پہلے سیاہ فام اور ملک کے 44 ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق باراک اوباما کے حریف جان میککین نے اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

https://p.dw.com/p/Fniu
منتخب صدر باراک اوباما اور ان کی اہلیہ مشیل، نائب صدر منتخب جان بائڈن اور ان کی بیوی، جل شکاگو میں اپنے مداحوں کی جانب ہاتھ ہلاکر ان کا شکریہ ادا کررہے ہیںتصویر: AP

ملک کا صدر منتخب ہونے کے بعد باراک اوباما نے شکاگو میں اپنے ہزاروں حامیوں سے مخاطب ہوکر جزباتی انداز میں کہا:

’’ ہمارا آگے کا راستہ لمبا اور مشکل ہے، ہماری چڑھائی مشکل ہوگی، ہم وہاں، یعنی منزل تک ہوسکتا ہے ایک سال یا ایک میعاد تک وہاں نا پہنچے، لیکن امریکہ۔۔ آج رات میں پہلے سے کہیں زیادہ پرامید ہوں۔۔ ہم وہاں تک ضرور پہنچیں گے۔‘‘

پولیس کے اندازوں کے مطابق شکاگو کی گرینڈ پارک میں تقریباً ایک لاکھ پچیس ہزار افراد نے اوباما کی یہ تاریخی تقریر سنی۔

دوسری جانب جان میککین نے فیونکس میں اپنے حامیوں سے مخاطب ہوکر اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے اوباما کے ساتھ اختلافات کے باوجود مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ’’ میں آج رات اوباما کے ساتھ سے یہ عہد کرتا ہوں کہ میں اپنی وساطت کے مطابق ان کی مدد کروں گا تاکہ ہم مل کر ہمارے سامنے کے چیلنجوں کا مقابلہ کرسکیں۔‘‘

اوباما نے اپنی پندرہ منٹ کی تقریر میں جان میککین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے اور ان کی حلیف سیرا پیلین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی بات کی۔

جب اوباما نے ملک میں نئی تبدیلی لانے کا تذکرہ کیا تو ان کے ہزاروں حامیوں نے ان الفاظ میں جواب دیا: ’’ہاں، ہم کرسکتے ہیں۔‘‘ اوباما کے مداحوں میں بہت سارے ایسے بھی تھے جن کی آنکھیں خوشی سے پرنم تھیں اور ان کے چہرے پر آنسوٴوں کے قطرے صاف ٹپکتے نظر آرہے تھے۔

Barack Obama mit Ehefrau Michelle nach Wahlsig US Wahl Präsident
مشیئل گُزشتہ سولہ سال سے میری سب سے بہترین دوست ہیں، اوباما اپنی اہلیہ کو بوسہ دے رہے ہیںتصویر: AP

باراک اوباما اپنی اہلیہ میشئل اور ان کی دو بیٹیوں کے ہمراہ شکاگو کے سٹیج پر آئے اور اپنے خطاب کے اختتام پر ان کے ساتھ ان سب کے علاوہ منتخب نائب صدر، جو بائڈن اور ان کی اہلیہ بھی تھے۔ اوباما نے اپنی کامیابی کے موقع پر حال ہی میں رحلت کرنے والے اپنی گرینڈ ما، اور اپنی بیوی میشائل کا بھی تفصیلی تذکرہ کیا۔ انہوں نے اپنی بیوی کو اپنا سب سے ’’بہترین دوست‘‘ قرار دیا۔

دریں اثناء وائٹ ہاوٴس کی خاتون ترجمان ڈانا پیرینو کے مطابق موجودہ صدر بُش نے اوباما کوفون کرکے مبارک باد دی ہے۔ ڈانا پیرینو کے مطابق انہیں وائٹ ہاوٴس آنے کی دعوت بھی دی۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں