1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تاریخ میں پہلی بار امریکی صدر شمالی کوریا میں، اُن سے مصافحہ

30 جون 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریائی سرزمین میں داخل ہو کر چیئرمین کم جونگ اُن سے مصافحہ کیا۔ امریکی صدر نے شمالی کوریائی لیڈر سے جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے پانمنجوم میں ملاقات کی۔

https://p.dw.com/p/3LLnL
USA | Nordkorea | Entmilitarisierte Zone | Donald Trump | Kim Jong Un
تصویر: AFP/Getty Images/B. Smialowski

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار تیس جون کی سہ پہر شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن کے ساتھ جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے پانمنجوم میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے پرجوش مصافحہ کیا اور تصاویر بھی بنوائیں۔ کم جونگ اُن سے ملاقات کی تجویز خود ٹرمپ نے ہی جی ٹوئنٹی سمٹ کے اختتام پر اور اپنے جنوبی کوریائی دورے سے قبل پیش کی تھی۔

مصافحے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا کو منقسم کرنے والی اس حد کو عبور کرنا اُؑن کے لیے ایک اعزاز ہے اور یہ تعلقات کو بہتر بنانے کی جانب بھی ایک بڑا قدم ہو گا۔ انہوں نے اس ملاقات کو بہترین دوستی سے بھی تعبیر کیا۔ بارہ جون سن 2018 کے بعد ٹرمپ اور اُن کی یہ تیسری ملاقات تھی۔

USA | Nordkorea | Entmilitarisierte Zone | Donald Trump | Kim Jong Un
جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن مصافحہ کرتے ہوئےتصویر: AFP/Getty Images/B. Smialowski

امریکی صدر کے ساتھ ملاقات کے بعد کم جونگ اُن نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ شمالی کوریا میں اس مختصر ملاقات سے دو طرفہ تعلقات میں یقینی طور پر بہتری پیدا ہو گی۔ شمالی کوریائی لیڈر نے اس ملاقات کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اس کے مستقبل میں کیے جانے والے اقدامات پر بھی بہترین اثرات مرتب ہوں گے۔

جزیرہ نما کوریا کے غیر فوجی علاقے میں پانمنجوم کے مقام پر ہونے والی اس ملاقات کے بعد کم جونگ اُن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر کے ساتھ تعلقات کو شاندار قرار دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا وہ یقین رکھتے ہیں کہ انہی تعلقات کی بدولت مختلف امور میں پائی جانے والی مشکلات اور رکاوٹوں کو عبور کیا جا سکے گا۔

USA | Korea | Donald Trump | Kim Jong Un | Moon Jae-in
ڈونلڈ ٹرمپ اور کم جونگ اُن ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/Yonhapnews Agency

یہ ملاقات اس لیے بھی ایک تاریخی واقعہ ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایسے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں، جنہوں نے اپنے دور اقتدار میں ہی شمالی کوریائی سرزمین پر قدم رکھا ہے۔ ٹرمپ سیئول سے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعے اس ملاقات کے مقام کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ ٹرمپ کے ساتھ جنوبی کوریائی صدر مُون ژے یِن بھی تھے۔

غیر فوجی علاقے کی جانب روانہ ہونے سے قبل امریکی صدر نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ یہ ملاقات بہت مختصر ہو سکتی تھی۔ ٹرمپ اور کم جونگ اُن کے درمیان رواں برس ویتنام کے دارالحکومت ہنوئے میں بھی ایک ملاقات ہو چکی ہے۔ دونوں لیڈروں کی ہنوئے سمٹ بغیر کسی پیش رفت کے ہی ختم ہو گئی تھی۔

ع ح، م م، نیوز ایجنسیاں