1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تاریخ کا مہنگے ترین اداکار جیری لوئس کا انتقال

21 اگست 2017

معروف امریکی مزاحیہ اداکار جیری لوئس اکیانوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ لوئس کا شمار ہالی وڈ کے کامیاب ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔ ان کے انتقال پر دنیا بھر کے اداکاروں کی جانب سے افسوس کیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2iYlO
تصویر: Getty Images/S.C.Wilson

لاس ویگاس جرنل نامی جریدے کے مطابق جیری لوئس کا انتقال گزشتہ شب لاس ویگاس میں ان کے گھر پر ہوا۔ جیری لوئس نے صرف اداکاری ہی نہیں کی بلکہ وہ کئی فلموں کے ہدایتکار بھی رہے ہیں۔ وہ 1950ء کی دہائی سے فلموں میں مزاحیہ کردار ادا کرتے آئے ہیں۔

معروف امریکی اداکارجم کیری نے جیری لوئس کے انتقال پر کہا، ’’جیری لوئس ناقابل یقین حد تک ذہین انسان تھے اور وہ ایک عظیم نعت تھے اور میں آج انہی کی وجہ سے ہوں‘‘۔  اسی طرح روبرٹ ڈی نیرو نے کہا کہ جیری کو فلموں میں مزاحیہ اداکاری کی ابتدا کرنے والا کہا جا سکتا ہے۔ ’’وہ ایک دوست تھے۔ مجھے افسوس ہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران ان سے زیادہ مرتبہ ملاقاتیں نہیں کر سکتا۔‘‘  

Jerry Lewis und Dean Martin
 مزاحیہ فلموں کی دنیا میں اداکار ڈین مارٹن اور جیری لوئس کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھاتصویر: picture-alliance/AP Photo

معروف گلوکارہ سیلین ڈیون نے جیری لوئس کو کچھ یوں یاد کیا، ’’وہ ایک ایسے حسین مرد تھے، جنہوں نے اپنی زندگی مشکلات میں گھرے انسانوں کی مدد  کے لیے وقف کر دی تھی اور ساتھ ہی وہ غیر معمولی اداکار بھی تھے۔‘‘

 مزاحیہ فلموں کی دنیا میں اداکار ڈین مارٹن اور جیری لوئس کی جوڑی کو بہت پسند کیا جاتا تھا۔ ان دونوں نے دس سال اور سولہ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا اور عالمی سطح پر خوب پذیرائی حاصل کی۔ تاہم بعد ازاں لوئس نے فلمی دنیا میں کامیابی کا اپنا سفر تنہا ہی جاری رکھا۔ ان کی کامیاب ترین فلموں میں ’’The Nutty Professor‘‘، ’’ The Bell Boy‘‘ اور ’’King of Comedy‘‘ شامل ہیں۔

 1995ء میں انہیں تاریخ کا سب سے زیادہ معاوضہ حاصل کرنے والے اداکار کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔

 2013ء میں لوئس نے 87 برس کی عمر میں اپنی آخری فلم ’میکس روز‘ میں کام کیا تھا۔ جیری لوئس سولہ مارچ 1926ء میں نیویارک کے قریب نووارک میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصل نام جوزف لیوٹچ رکھا گیا تھا۔ ان کا تعلق روس کے ایک یہودی خاندان سے تھا۔