1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’تاوان ادا کر دیا ہے‘، آئی وے وے

16 نومبر 2011

چینی حکومت کے منحرف آرٹسٹ آئی وے وے نے کہا ہے کہ وہ اپنے اوپر لگائے جانے والے ٹیکس چوری کے الزامات کے خلاف قانونی جنگ جاری رکھتے ہوئے بیجنگ حکومت کے بارے میں چھپے حقائق سامنے لائیں گے۔

https://p.dw.com/p/13BPd
چینی حکومت کے منحرف آرٹسٹ آئی وے وےتصویر: DW

بیجنگ کے ٹیکس حکام نے عالمی سطح پر معروف آرٹسٹ آئی وے وے پر ٹیکس چوری کے الزامات عائد کیے تھے۔ رواں برس کے آغاز پر چین میں انسانی حقوق کے سرکردہ کارکنان کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران اس آرٹسٹ کو بھی فرد جرم عائد کیے بغیر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ آئی وے وے کو 81 دن تک ایک نامعلوم مقام پر قید رکھا گیا تھا تاہم عالمی دباؤ کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔

54 سالہ آئی وے وے نے بدھ کو بتایا کہ وہ ٹیکس چوری کے الزامات کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ وسیع پیمانے پر ٹیکس چوری کے الزامات دراصل سیاسی طور پر گھڑے گئے ہیں۔ وہ ان الزامات کی صحت سے انکار کرتے ہیں۔

جون میں آزاد ہونے کے بعد بدھ کو وہ پہلی مرتبہ کھلے عام بیجنگ میں ٹیکس آفس گئے، جہاں انہوں نے 8.45 ملین یوآن جمع کروائے تاکہ انہیں اپیل کا حق حاصل ہو سکے۔ آئی وے وے نے بتایا ہے کہ حکومت کو جمع کروائی گئی یہ خطیر رقم ان کے حامیوں نے بطور چندہ اکٹھی کی تھی۔ یہ رقم ٹیکس آفس میں جمع کروانے کے بعد انہوں نے کہا، ’یہ ایسا ہی ہے کہ میں گزشتہ نصف برس سے یرغمال تھا، اب میں نے تاوان ادا کر دیا ہے اور مجھے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مجھے لوٹ لیا گیا ہے‘۔

ٹیکس آفس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکام نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ وہ ان پر عائد کردہ ٹیکس چوری کے الزامات کو احتیاط کے ساتھ پرکھیں گے اور اگر وہ غلط ثابت ہوئے تو حکومت کو جمع کروائی گئی رقم واپس کر دی جائے گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کو ٹیلی فون پر دیے گئے ایک انٹرویو میں آئی وے وے نے اپنے اور عائد الزامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا، ’ یہ ایک اچھا موقع ہے کہ ہم دنیا کو بتا سکیں کہ یہاں نظام کس طرح کام کرتا ہے‘۔ آئی وے وے نے چینی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح وہ ان کی مدد کو آئیں ہیں، اس سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی صورت حال پیدا ہوتی ہے وہ اپنے نظریات ترک نہیں کریں گے۔ آئی وے وے نے خود کو چین کے ان گمنام عوام کا نمائندہ قرار دیا ہے، جو ایسے ہی مقدمات کا سامنا کر رہیں اور وہ بے گناہ ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں