1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تجارت پر سیاسی پابندیاں: میرکل کی طرف سے تنقید

11 نومبر 2010

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جنوبی کوریا میں جی ٹوئنٹی کے سربراہ اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ فاضل تجارت پر سیاسی حدیں مقرر کرنا نہ تو اقتصادی طور پر مناسب ہے اور نہ ہی سیاسی طور پر۔

https://p.dw.com/p/Q6Mn
امریکی صدر اوباما جرمن چانسلر میرکل کے ہمراہتصویر: AP

اس سے قبل امریکہ نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ بہت زیادہ برآمدی کامیابی والے ملکوں کو اپنی موجودہ فاضل تجارت کو محدود کرنا چاہئے یا پھر وہ اپنی مجموعی قومی پیداوار کو چار فیصد تک کم کریں۔ اسی پس منظر میں جرمن چانسلر میرکل نے سیئول میں جمع عالمی اقتصادی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ عالمی معیشت میں بہتری کے لئے مل کر کا م کریں۔

جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں جی ٹوئنٹی کے رہنماؤں کے دو روزہ اجلاس کا آج جعمرات کو پہلا دن ہے۔ اس اجلاس میں ترقی یافتہ اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے درمیان ان کی کرنسیوں کی تبادلے کی شرحوں اور تجارتی عدم توازن جیسے تنازعات پر بحث کی جا رہی ہے۔

G20 Finanzministertreffen Südkorea
جنوبی کوریائی صدر کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: AP

جرمن چانسلر میرکل نے امریکی صدر باراک اوباما کی طرف سے گزشتہ ہفتے امریکی معیشت کی بحالی کے لئے 600 ارب ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح ایک نیا معاشی بحران جنم لے سکتا ہے۔

بیس کے گروپ کے اس اجلاس سے پہلے خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ امریکہ اور چین کے درمیان بہت زیادہ تجارتی عدم توازن اور کرنسی کی قدر دانستہ طور پر کم رکھنے سے متعلق تنازعہ باقاعدہ طور پر ’کرنسی کی جنگ‘ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

تاہم امریکی صدر باراک اوباما اور چینی صدر ہو جن تاؤ کے درمیان جمعرات کو جنوبی کوریا میں ہونے والی ملاقات میں اس سلسلے میں مکالمت اور تعاون جاری رکھنے کا عہد کیا گیا۔ یہ ملاقات G20 کانفرنس کے آغاز سے چند ہی گھنٹے قبل ہوئی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات اس کانفرنس میں توجہ کا مرکز بنیں گے۔

اس سے قبل برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی چین کو خبردار کیا تھا کہ وہ دوسرے ملکوں کے ساتھ اپنی تجارت کے اپنے حق میں جانے والے عدم توازن کو درست کرے۔ عالمی بینک کے صدر رابرٹ زولک نے بھی گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرنسی کے معاملے پر بین الاقوامی سطح پر کشیدگی لازمی طور پر دیکھنے میں آئے گی۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں