1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحفظ ماحول کے لئے یورپی یونین کی کوششیں

7 دسمبر 2009

یورپی یونین تحفظ ماحول کی کوششوں کے لئے ترقی پذیر ملکوں کو تین ارب یورو تک کی امداد کی پیش کش کرے گی۔ جرمن روزنامہ 'فنانشل ٹائمز ڈوئچ لینڈ' نے اپنی اتوار کی اشاعت میں بتایا ہے کہ یہ امداد آئندہ تین سال میں دی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/KrXx
تصویر: AP

اس امداد کا حتمی فیصلہ یورپی یونین کے ایک خصوصی دو روزہ اجلاس میں کیا جائے گا، جو جمعرات سے برسلز میں شروع ہو رہا ہے۔ اسی دوران ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں عالمی ما‌حولیاتی کانفرنس بھی جاری ہے۔

خبررساں ادارے 'اے ایف پی' نے یورپی یونین کے اس اجلاس میں پیش کئے جانے والے ایک مسودے کے حوالے سے بتایا ہے، 'کوپن ہیگن کے معاہدے میں کانفرنس کے فورا بعد عمل درآمد کے لئے اقدامات کا اعلان شامل ہونا چاہئے، جن کا اطلاق 2010ء سے ہو سکے۔ ساتھ ہی اس میں یہ بھی تسلیم کیا جانا چاہئے کہ ان کوششوں کے لئے اضافی مالی معاونت بھی درکار ہے۔'

Flaggen vor dem EU Parlament in Brüssel
یورپی یونین کا دو روزہ اجلاس جمعرات سے شروع ہو رہا ہےتصویر: AP

مسودے میں یورپی یونین نے ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ تحفظ ماحول کی کوششوں کے لئے اپنے اپنے مالی تعاون کا اعلان کریں۔ یونین نے اپنی جانب سے تیز تر مالی معاونت پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس کا اجراء آئندہ سال سے ہو سکتا ہے اور یہ 2012ء تک جاری رہے گی۔

جرمن روزنامہ نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ یورپی یونین ایک سے تین ارب یورو کی مالی امداد کی تجویز دے گی۔ درجہ حرارت پر قابو پانے کے لئے ترقی پذیر ممالک کی مالی معاونت کوپن ہیگن کانفرنس کا اہم موضوع ہے۔ اس اجلاس کا مقصد کسی ایسے معاہدے تک پہنچنا ہے، جس کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف کوششیں تیز کی جا سکیں۔ اس دوران طے پانے والا کوئی بھی معاہدہ 2013ء تک نافذ ہو سکتا ہے۔ اس وقت کیوٹو پروٹوکول کے تحت حالیہ وعدوں کی مدت ختم ہو جائے گی۔

تحفظ ماحول کے موضوع پر عالمی سربراہی کانفرنس پیر سے ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں شروع ہو رہی ہے۔ اس سےقبل ہفتہ کو جرمن دارالحکومت برلن اور کوپن ہیگن سمیت مختلف یورپی شہروں میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف سرگرم تنظیموں کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے۔ انہوں نے امریکی صدر باراک اوباما سمیت عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ سات دسمبر سے شروع ہونے والی اس کانفرنس کے دوران درجہ حرارت میں اضافے پر قابو پانے کے لئے کسی ٹھوس معاہدے کو ممکن بنایا جائے۔ یہ کانفرنس اٹھارہ دسمبر تک جاری رہے گی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عابد حسین

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں