1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی کی یورپی یونین میں شمولیت کے مذاکرات کا نیا دور شروع

عابد حسین30 جون 2016

یورپی یونین نے ترکی کی رکنیت کی درخواست پر تعطل کے شکار مذاکرات کا نیا مرحلہ شروع کرنے کی تصدیق کی ہے۔ آج برسلز منعقدہ ایک اجلاس میں ترکی کے وزیر خارجہ یورپی یونین کے وفد کے ساتھ میٹنگ میں شریک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/1JGwv
ترک وزیر خارجہ چاوش اولو برسلز میں ڈچ وزیر خارجہ کوئنڈرز سے ملاقات کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/AA/A. Hosbas

یورپی یونین نے بریگزٹ کی بحث اور ترک حکومت کے اقدامات پر تنقید کے باوجود اس ملک کی یونین میں شمولیت کے سلسلے میں مذاکرات کے ایک نئے دور کا آغاز کر دیا ہے۔ اگرچہ یونین میں ترکی کی شمولیت کی منزل ابھی بہت دور ہے تاہم برسلز میں متعلقہ کمشنر یوہانس ہان نے کہا کہ اس طرح یونین میں توسیع کے عمل کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ یُوں مجموعی طور پر پینتیس چیپٹرز میں سے اب تک پندرہ شعبوں میں ترکی کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جا چکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ سائنس اور تحقیق کے شعبے میں باہمی مذاکرات کا باب سرِدست تکمیل کو پہنچ چکا ہے۔ 1999ء سے یونین میں شمولیت کے امیدوار ترکی نے یونین کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات 2005ء میں شروع کیے تھے۔ آج برسلز میں ہونے والی میٹنگ میں ولندیزی وزیر خارجہ بیرٹ کوئنڈرز نے اپنے ترک ہم منصب میولود چاوش اولو کے ساتھ ایک میٹنگ میں واضح کیا کہ یورپی یونین کی تمام رکن ریاستیں اِس مذاکراتی دور کے نئے باب کو شروع کرنے پر متفق ہیں۔

Türkischer Außenminister Cavusoglu
ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولوتصویر: AFP/Getty Images/A. Altan

ترک وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کے بعد بیرٹ کوئنڈرز نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں بتایا کہ ترکی اور یورپی یونین کے تعلقات بہت اہم ہیں اور انقرہ حکومت کے ساتھ قریبی رابطے کے ساتھ مہاجرین سمیت دوسرے امور پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ آج کی میٹنگ کے حوالے سے ڈچ وزیر خارجہ نے بتایا کہ اِس کی ابتدا اُن ہلاک شدگان کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی کے ساتھ کی گئی جو استنبول ایئر پورٹ پر کیے گئے دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنے تھے۔ اِس حملے میں تینتالیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔

ترکی اور یورپی یونین کے درمیان رکنیت حاصل کرنے کی بات چیت ترکی میں انسانی حقوق کی صورتحال کے تناظر میں معطل ہو گئی تھی۔ آج تعطل شدہ مذاکرات کی بحالی کی اولین میٹنگ میں ڈچ وزیر خارجہ بیرٹ کوئنڈرز نے ایک مرتبہ پھر انقرہ حکومت پر واضح کیا کہ ترکی کو یورپی یونین کی منشا کے مطابق اصلاحاتی عمل کو تیز تر کرنا ہو گا۔ اِس مناسبت سے کوئنڈرز نے کہا کہ قدرتی بات ہے کہ رکنیت حاصل کرنے کے امیدوار ملک میں انسانی حقوق کا بہترین احترام اور قانون کی حکمرانی انتہائی اہم ہیں۔

ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا کہ ترکی کو دہشت گردی کا سامنا ہے اور ایسے حالات میں نئی شرائط سے دہشت گردوں کو حوصلہ ملے گا۔ ترک وزیر خارجہ یورپی کمیشن کے نائب صدر فرانز ٹمرمانز سے بھی ملاقات کریں گے۔