1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترک پارلیمانی الیکشن: ایردوآن دو تہائی اکثریت کے راستے پر

12 جون 2011

ترکی میں اتوار کے روز ہونے والے پارلیمانی الیکشن کے اولین نتائج کے مطابق وزیر اعظم ایردوآن کی جماعت انقرہ کی نئی پارلیمان میں بظاہر اپنی دو تہائی اکثریت کی منزل حاصل کر لینے کے بہت قریب ہے۔

https://p.dw.com/p/11Z6p
تصویر: AP

پولنگ ختم ہونے کے قریب دو گھنٹے بعد مغربی یورپ کے معیاری وقت کے مطابق اتوار کی شام سات بجے تک کل ڈالے گئے ووٹوں میں سے 75 فیصد کی گنتی مکمل ہو چکی تھی۔ اس گنتی کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق تب تک ایردوآن کی پارٹی برائے انصاف اور ترقی کو 51.3 فیصد ووٹ حاصل ہو چکے تھے۔ تجزیہ زنگاروں کے مطابق اس کا مطلب یہ ہے کہ رجب طیب ایردوآن کی پارٹی کو ممکنہ طور پر کل 550 رکنی پارلیمان میں 331 تک نشستیں حاصل ہو سکتی ہیں۔

Wahlen in der Türkei Wahlplakat NO FLASH
تصویر: picture-alliance/dpa

دوتہائی اکثریت کے لیے اس پارٹی کو کم از کم 330 سیٹیں درکار ہوں گی۔ تاہم یہ بات ابھی غیر یقینی ہے کہ آیا پارٹی برائے انصاف اور ترقی کو حتمی نتائج میں بھی اتنی بڑی پارلیمانی اکثریت حاصل ہو گی کہ وہ مجوزہ ریاستی آئین کی منظوری کے لیے ملک میں اس طرح ریفرنڈم کرا سکے کہ اس ریفرنڈم کی کامیابی بھی تقریباﹰﹰ یقینی ہو۔

ترکی میں ان انتخابات سے پہلے تک کام کرنے والی قومی پارلیمان میں ایردوآن کی جماعت کو 331 نشستیں حاصل تھیں۔ CNN Turk نامی نشریاتی ادارے کے انتخابی جائزوں کے مطابق 75 فیصد ووٹوں کی گنتی پوری ہونے تک سیکولر ترکی کی حامی اور مرکز سے بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی جماعت سی ایچ پی 24.8 فیصد ووٹ حاصل کرتی نظڑ آ رہی تھی جبکہ قوم پسندوں کی جماعت MHP کو بھی ممکنہ طور پر 14 فیصڈ ووٹ ملیں گے۔ یوں یہ جماعت بھی نئی ملکی پارلیمان میں موجود ہو گی کیونکہ وہ ایوان میں نمائندگی کے لیے کُل ڈالے گئے ووٹوں میں سے کم از کم دس فیصد ووٹ حاصل کرنے کی شرط پوری کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

Wahlen in der Türkei Recep Tayyip Erdogan NO FLASH
سن 2002 سے سربراہ حکومت کے منصب پر فائز رجب طیب ایردوآنتصویر: picture-alliance/dpa

ایشیا اور یورپ کے سنگم پر واقع ترک ریاست گزشتہ کافی عرصے مشرق وسطیٰ کی سیاست میں زیادہ سے زیادہ اہم کردار کی حامل بنتی جا رہی ہے۔ اس پس منظر میں وزیر اعظم ایردوآن اور ان کی جماعت نے ترکی کو جو سیاسی اور اقتصادی استحکام دیا ہے، اس کا اندرون ملک اور بیرون ملک بھی واضح طور پر اعتراف کیا جاتا ہے۔

ایردوآن ترکی میں سن 2002 سے اقتدار میں ہیں اور آج کے الیکشن میں اپنی جماعت کی کامیابی کے ساتھ انہیں تیسری مدت کے لیے بھی یہ موقع مل جائے گا کہ وہ ترک ریاست میں سیاسی، جمہوری اور سماجی تبدیلیوں کے اپنے اس جامع پروگرام پر عملدرآمد جاری رکھیں، جسے ان کی جماعت اے کے پی ’ٹارگٹ 2023‘ کا نام دیتی ہے۔

اس سے مراد سن 2023 میں جدید ترک ریاست کے قیام کے سو برس پورے ہونے تک ترکی میں اتنی تبدیلیاں لانا ہیں کہ مثال کے طور پر اس ملک کا شمار دنیا کی دس سب سے بڑی معیشتوں میں ہو سکے اور وہاں فی کس سالانہ آمدنی بھی، جو اس وقت قریب دس ہزار امریکی ڈالر کے برابر بنتی ہے، کم ازکم ڈھائی گنا ہو کر پچیس ہزار امریکی ڈالر سالانہ کے برابر تک پہنچ جائے۔

رپورٹ: مقبول ملک

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں