1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’تشدد کو بڑھاوا دینا، خطرناک ہے‘

19 اکتوبر 2020

افعانستان کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد نے متنبہ کیا ہے کہ افغانستان میں تشدد کی لہر خطرناک حد تک پہنچ چُکی ہے اور اس سے کابل حکومت اور طالبان کے مابین مذاکرات کو سخت نقصان پہنچے گا۔

https://p.dw.com/p/3k8Le
Katar Doha Unterzeichnung Abkommen USA Afghanistan  Taliban Zalmay Khalilzad Abdul Ghani Baradar
تصویر: picture-alliance/AP Photo/H. Sayed

زلمے خلیل زاد کا بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں کئی روز سے نئی لڑائی زوروں پر ہے جس کے سبب صوبے کی صورتحال ایک بار پھر انتہائی دگرگوں ہو گئی ہے۔ اتوار کو صوبے غور میں ایک خود کُش کار حملے میں  کم از کم 13 افراد ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوئے۔

اگرچہ اس حملے کی ذمہ داری اب تک کسی گروہ یا تنظیم نے  قبول نہیں کی لیکن اس کے تانے بانے طالبان کی طرف سے گزشتہ جمعے کو کیے گئے اُس اعلان کے ساتھ جوڑے جا رہے ہیں، جس میں طالبان نے اپنے حملوں کا سلسلہ روک دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ اقدام مشروط ہیں۔ یعنی طالبان کی طرف سے حملے روکنے پر اتفاق تو کیا گیا لیکن اس کی شرط یہ لگائی گئی کہ امریکا کی طرف سے فضائی حملے نہیں ہوں گے۔ طالبان کے ان بیانات کے باوجود اتوار کو ایک درجن سے زائد انسانوں کی ہلاکت کا سبب بننے والا  یہ تازہ ترین خونریز  خود کُش حملہ ہوا۔

زلمے خلیل زاد کا انتباہی پیغام

افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی زلمے خلیل زاد نے ایک ٹویٹر پیغام میں لکھا،''تشدد نے بہت عرصے سے افغان باشندوں کو مفلوج کر رکھا ہے،اس تشدد کی لپیٹ میں آکر ان گنت افغان باشندے ہمیشہ کے لیے اپنے پیاروں سے دور ہو چُکے ہیں۔‘‘ خلیل زاد نے مزید لکھا کہ،'' غور میں ہونے والا واقعہ اس کی تازہ ترین مثال ہے۔‘‘ زلمے خلیل زاد کے مطابق ''مذاکرات کی میز پر مراعات کے لیے تشدد کو بڑھاوا دینے کی سوچ نہایت خطرناک ہے۔‘‘ یہ طریقہ کار امن عمل کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا اور یہ افغان لیڈروں کی ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کے مترادف ہے۔‘‘

Katar Unterzeichnung Abkommen USA mit Taliban
فروری میں قطر میں یہ مذاکرات منعقد ہوئے تھے۔تصویر: AFP/G. Cacace

طالبان کی طرف سے زلمے خلیل زاد کی ٹویٹ پیغامات پر اب تک کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔ گزشتہ اتوار کو تاہم طالبان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ امریکی فضائی حملوں میں صوبے ہلمند کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی طالبان نے خبردار کیا تھا کہ امریکی حملوں کے جاری رہنے  اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری براہ راست امریکا پر عائد ہوتی ہے۔‘‘

جھڑپوں کا سلسلہ جاری 

ہلمند کے صوبائی گورنر  کے ترجمان عمر زواک کے مطابق پیر کے روز بھی اس صوبے کے کچھ علاقے ناد علی اور ڈسٹرکٹ ناوا میں فائرنگ کی گونج سنائی دی۔ زواک نے مزید بتایا کہ افغان ایئر فورس نے الگ الگ آپریشنز میں مختلف علاقوں میں محدود فضائی حملے بھی کیے۔ ان کا مقصد زمینی افغان فورسز کی مدد کرنا تھا تاکہ طالبان کے زیر قبضہ علاقے واپس لیے جا سکیں۔

Afghanistan l Anschlag in Mihtarlam
افغانستان میں دوشت گردانہ حملوں کا سلسلہ ختم ہوتا دکھائی نہیں دے رہا۔تصویر: Noorullah Shirzada/AFP/Getty Images

قطر میں طالبان اور افغان حکومت کے مابین مذاکرات ستمبر میں شروع ہوئے تھے۔ اس رسمی آغاز کے بعد تاہم مذاکرات کچھ خاطر خواہ طریقے سے آگے نہ بڑھ پائے، جس کی بنیادی وجہ اسلامی فقہ سے متعلق چند معاملات کو قرار دیا جا رہا ہے۔ مذاکرات کا تازہ ترین دور فروری میں طالبان اور امریکا کے مابین افغانستان کی طویل ترین جنگ کے خاتمے سے متعلق طے پانے والی ایک ڈیل کے بعد عمل میں آیا۔

یہ حقیقت ہے کہ 'جاری امن مذاکرات‘ کو چیلنجز کا سامنا ہے اس کے باوجود انہیں 2001 ء میں امریکا کے افغانستان پر حملے کے بعد سے کئی دہائیوں سے جاری جنگ کے خاتمے کی سنجیدہ کوششوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ یاد رہے کہ 2001 ء میں امریکا کی قیادت میں افغانستان پر غیر ملکی افواج کا حملےکے نتیجے میں طالبان حکومت کا تختہ پلٹا گیا تھا۔ تب دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے رہنما اسامہ بن لادن کی میزبانی یہی ملک کر رہا تھا۔ اسامہ بن لادن کو مبینہ طور پر 'نائن الیون‘ کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔

ک م/ ع ت (اے پی ای، اے پی)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں