1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تندولکر کا آخری میچ، ’ایک عہد کا خاتمہ‘

عاطف بلوچ14 نومبر 2013

ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں ویسٹ انڈیز اور بھارت کے خلاف آج سے شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ تاریخ ساز کرکٹر سچن تندولکر کا 200 واں اور آخری میچ ہو گا۔ تندولکر کی ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی کرکٹ کا ایک عہد بھی ختم ہو جائے گا۔

https://p.dw.com/p/1AHIV
تصویر: dapd

چالیس سالہ سچن رامیش تندولکر اپنے شاندار کیریئر کا آخری میچ اپنے ہوم گراؤنڈ میں کھیل رہے ہیں۔ ممبئی میں اس میچ کے آغاز سے قبل ہی ان کے مداحوں میں جذباتی مناظر دیکھے گئے ہیں۔ سولہ برس کی عمر میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے تندولکر نے یوں تو متعدد ریکارڈ بنائے ہیں لیکن چوبیس سالوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران بین الاقوامی میچوں میں سو سنچریاں بنانے کا ان کا ریکارڈ ایک انوکھا ہی کارنامہ ہے۔

گزشتہ ماہ جب تندولکر نے دنیائے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا عندیہ دیا تھا، تب سے ہی بھارت بالخصوص ممبئی میں ان کے پرستار ایک عجیب ہیجانی کیفیت میں دیکھے جا رہے ہیں۔ مقامی ٹیلی وژن چینلز پر ’ماسٹر بلاسٹر‘ کی چیدہ چیدہ اننگز کی جھلکیاں دکھائی جا رہی ہیں اور لوگ نم آنکھیں لیے ’کرکٹ کے بھگوان‘ کہلائے جانے والے اس کھلاڑی کے لیے دعا گو ہیں۔

Kricket Sachin Tendulkar
تندولکر نے 199 ٹیسٹ میچوں میں پندرہ ہزار 847 رنز بنا رکھے ہیںتصویر: AP

چودہ نومبر کو ممبئی میں شروع ہونے والے ان کے آخری ٹیسٹ میچ سے قبل وانکھیڑے اسٹڈیم کو دولہن کی طرح سجایا گیا ہے، جہاں ان کے بڑے بڑے پوسٹرز آویزاں ہیں اور پرستاروں کا ایک ہجوم ان کو آخری مرتبہ ایکشن میں دیکھنے کے لیے بیتاب ہے۔

تندولکر کے لیے محبت کا اندازہ یوں بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جب ممبئی ٹیسٹ کی ٹکٹیں آن لائن فروخت کرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پہلے گھنٹے کے دوران ہی 19.7 ملین صارفین نے ٹکٹیں فروخت کرنے والی مرکزی ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی۔ ممبئی اسٹیڈیم میں 33 ہزار تماش بین سما سکتے ہیں لیکن عوامی سطح پر صرف پانچ ہزار ٹکٹیں فروخت کی گئی ہیں جبکہ باقی ماندہ سیاستدانوں، مشہور شخصیات، سابق کھلاڑیوں اور کارپوریٹ مہمانوں کو فروخت کی گئی ہیں۔ اس پر سچن کے مداحوں نے احتجاج بھی کیا ہے۔

سچن تندولکر کے اس آخری میچ کی ایک خاص بات یہ بھی ہو گی کہ ان کی والدہ پہلی مرتبہ اپنے بیٹے کا کوئی میچ دیکھنے کے لیے کسی گراؤنڈ میں آئیں گی۔ قبل ازیں تندولکر کا یہ خیال تھا کہ ان کی والدہ کا گراؤنڈ میں موجود ہونا ان کے لیے بدقسمتی کا باعث ہو سکتا ہے۔ تندولکر کی والدہ رجنی وہیل چیئر کی محتاج ہیں لیکن ممبئی کے اسٹیڈیم میں ان کے وہیل چیئر سمیت داخلے کے لیے ایک خصوصی راستہ بنایا گیا ہے۔

تندولکر ایک عظیم کھلاڑی

تندولکر کے ہم عصر کھلاڑیوں کی طرف سے انہیں خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ویسٹ انڈیز کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں ہی انفرادی طور پر چار سو رنز بنانے والے برائن لارا نے بھارت کے نیشنل ہیرو کو کرکٹ کا مائیکل جیکسن اور محمد علی قرار دیتے ہوئے کہا ہے ان کا کیریئر دیگر کھلاڑیوں سے بالکل منفرد ہے۔ 131ٹیسٹ میچوں میں گیارہ ہزار 953 رنز بنانے والے برائن لارا کے بقول، ’’دنیائے کرکٹ کے تمام کھلاڑیوں کے مقابلے میں تندولکر کا کیریئر عظیم ترین ہے۔‘‘

Sachin Tendulkar
تندولکر نے اپنا آخری ایک روزہ میچ اٹھارہ مارچ 2012ء کو پاکستان کے خلاف کھیلا تھاتصویر: AP

سابق آسٹریلوی جادوئی لیگ سپنر شین وارن نے تندولکر کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’’سچن میری نسل کا بہترین بلے باز ہے اور ان کے آخری میچ کے موقع پر ممبئی میں ہونا میرے لیے عزت کا باعث ہے۔‘‘ ٹیسٹ کرکٹ میں 708 وکٹیں حاصل کرنے والے وارن ممبئی ٹیسٹ کے دوران کمنٹری کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سامی نے کہہ رکھا ہے کہ جب سے ان کے کھلاڑیوں کو معلوم ہوا ہے کہ ممبئی ٹیسٹ تندولکر کا آخری ٹیسٹ میچ ہو گا، سبھی بولرز ميں انہیں آؤٹ کرنے کا ایک مقابلہ شروع ہو چکا ہے۔ سامی نے کہا کہ یہ موقع ہے کہ تندولکر کو آؤٹ کر کے تاریخ کا حصہ بنا جا سکتا ہے۔ سامی نے مزید کہا کہ میچ میں جب وہ آخری اسٹروک کھیلیں گے، اس کے ساتھ انہیں آؤٹ کرنے والے کا نام بھی تاریخ کا حصہ بن سکتا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں