1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تکنیکی وجوہات، اینڈیور کے آخری سفر میں تاخیر

30 اپریل 2011

خلائی شٹل اینڈیور کو آخری بار سفر پر روانہ ہونے پر نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کرنے کے لیے آنے والے ساڑھے سات لاکھ افراد کو تکنیکی وجوہات کی بنا پر خلائی شٹل کی پرواز میں تاخیر پر مایوس لوٹنا پڑا۔

https://p.dw.com/p/116iS
تصویر: AP

اینڈیور کے آخری بار سفر پر روانہ ہونے کے تاریخی لمحات کو اپنی آنکھوں سے براہ راست دیکھنے کے لیے جمعہ کو کینیڈی اسپیس سینٹر پہنچنے والے ان افراد میں امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے اہل خانہ بھی شامل تھے۔

امریکی صدر باراک اوباما، ان کی اہلیہ اور بیٹیوں نے تاہم کینیڈی اسپیس سینٹر میں خلائی جہاز اینڈیور کے عملے سے ملاقات کے علاوہ خلائی شٹل اٹلانٹس کو بھی قریب سے دیکھا۔ خلائی شٹل اٹلانٹس رواں برس جون میں اپنے آخری سفر پر روانہ ہو گا۔ امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا کے یہ دونوں جہاز اس سفر سے واپسی کے بعد ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔

خلائی جہاز اینڈیور کے آخری سفر کو دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے افراد میں امریکی کانگریس کی رکن Gabrielle Giffords بھی شریک تھیں، جو شٹل کے کمانڈر کی بیوی بھی ہیں۔ Gabrielle Giffords رواں برس جنوری میں ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچی تھیں۔ اس حملے میں ان کے سر پر گولی لگی تھی تاہم وہ صحتیابی کی جانب لوٹ رہی ہیں۔ صدر اوباما نے Gabrielle Giffords سے بھی ملاقات کی۔

Flash-Galerie Raumfähre Endeavour zu ihrem letzten Flug zur ISS
اب یہ جہاز کئی دن کے بعد ہی روانہ ہو پائے گاتصویر: AP

ماہرین کے مطابق خلائی جہاز کی روانگی میں تاخیر کی وجہ اس کے دو ہیٹرز میں پیدا ہونے والی خرابی ہے۔ یہ ہیٹرز جہازکی روانگی کے وقت اس کے ہائیڈرولک سٹیرنگ نظام کو توانائی فراہم کرتے ہیں۔ ناسا کا کہنا ہے کہ اس خرابی سے مکمل نجات میں کچھ دن کا وقت درکار ہو گا۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس نظام کی مرمت میں کتنا وقت درکار ہوگا۔ ناسا کے مطابق گو کہ اس خرابی کا حل نہایت سادہ ہے تاہم اس نظام کے مکمل جائزے کے بعد ہی کوئی حتمی رائے دی جا سکے گی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں