1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ: سیاحوں کی جنت میں خطرات بڑھتے جا رہے ہیں

23 جولائی 2012

تھائی لینڈ میں سیاحت کا شعبہ روز بروز ترقی کرتا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی سیاحوں کے لیے کیے جانے والے حفاظتی انتظامات اور تحفظ ماحول کے حوالے سے سوالات بھی جنم لے رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15dCk
تصویر: AP

ہر سال دنیا بھر سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد تھائی لینڈ کا رخ کرتی ہے اور اس تعداد میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد جہاں ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کر رہی ہے وہیں مافیا اور دیگر جرائم پیشہ گروہ بھی اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ حکومت سیاحوں کے من پسند مقامات پر ان گروہوں کی موجودگی سے آگاہ ہے اور ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے کا تہیہ بھی کیے ہوئے ہے لیکن پھر بھی آئے دن کسی نہ کسی سیاحتی مقام پر کوئی نہ کوئی افسوس ناک واقعہ پیش آ جاتا ہے۔

ابھی حال ہی میں ایک جزیرے پر کینیڈا سے تعلق رکھنے والی دو بہنیں پرسرار انداز میں اپنے بنگلے میں مردہ پائی گئیں۔ شک ہے کہ ان دونوں کو زہر دیا گیا تھا۔ اس واقعے ایک ہفتے بعد آسٹریلیا کی ایک ساٹھ سالہ خاتون کو چاقو کا وار کر کے قتل کر دیا گیا اور ان کا سامان بھی لوٹ لیا گیا۔ یہ واقعہ پھوکٹ جزیرے پرایک پر تعیش ہوٹل کے سامنے پیش آیا۔

Prostitution in Pattaya Thailand
ٹیکسی مافیا، خواجہ سرا کے روپ میں چور، فضائی آلودگی اور پروازوں میں تاخیر بھی بڑے مسائل ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ایک طرف یہ پرتشدد واقعات ہیں تو دوسری جانب ٹیکسی مافیا، خواجہ سرا کے روپ میں چور، فضائی آلودگی، سیاحوں کے چیخ و پکار، ٹریفک حادثات اور پروازوں میں تاخیر بھی بڑے مسائل ہیں۔ پھوکٹ میں آسٹریلیا کے اعزازی سفارت کار لیری کننگہیم کہتے ہیں کہ تھائی لینڈ کے سیاحت کے فروغ کے ادارے کا خیال ہے کہ سیاحوں کی تعداد میں اضافے کا مطلب یہ ہے کہ تھائی لینڈ میں سب کچھ ٹھیک ہے لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ’’ تھائی لینڈ میں معیار گرتا جا رہا ہے‘‘۔

اعداد و شمار کے مطابق 2011ء میں 19 ملین افراد چھٹیاں گزارانے کے لیے تھائی لینڈ آئے اور اس طرح تقریباً ساڑھے چوبیس ارب ڈالر کا ریوینیو حاصل ہوا۔ 2010ء کے مقابلے میں یہ 31 فیصد زیادہ ہے۔ تھائی وزیراعظم ین گلک شناوتارا نے ابھی حال میں کہا ہےکہ سیاحت کو مزید فروغ دیا جائے گا اور کوشش کی جائے گی کہ اگلے پانچ برسوں کے دوران ریوینو دو ٹریلن بھات تک پہنچ جائے۔ سیاحت کی وزارت کو امید ہے کہ اس سال تھائی لینڈ آنے والے سیاحوں کی تعداد 21 ملین تک ہو گی۔

ai /sks ( Reuters )