1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ میں سیلاب، ہلاکتوں کی تعداد پانچ سو سے زائد

7 نومبر 2011

تھائی لینڈ میں سیلاب کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد پانچ سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ سیلابی پانی کی وجہ سے دارالحکومت بنکاک کے مرکزی تجارتی سینٹر کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1366O
بنکاک کی ایک ٹیکسی سیلابی پانی میںتصویر: dapd

اتوار کے دن تھائی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ملک بھر میں عشروں کے بعد آنے والے شدید سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر 506 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، ابھی تک دارالحکومت بنکاک میں کسی ہلاکت کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

بنکاک کا بیس فیصد حصہ سیلابی پانی سے بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ شہر کے متاثرہ حصے میں سیلابی پانی کے ساتھ ہلاک شدہ جانور، صنعتی فاضل مادہ اور گندگی کی موجودگی کے باعث وبائی امراض پھوٹنے کےخطرات پیدا ہو چکے ہیں۔ بنکاک ایک انتہائی گنجان آباد شہر ہے، جہاں قریب بارہ ملین نفوس آباد ہیں۔

بنکاک کی سڑکوں پر موجود پانی اب آہستہ آہستہ شہر کے مرکز کی طرف بڑھ رہا ہے۔ تھائی حکومت کے مطابق شہر کا تجارتی اور سیاحتی مرکز اس پانی سے چند کلو میٹر دور رہ گیا ہے۔ شہری انتطامیہ نے ہنگامی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اس سیلابی پانی کوشہر سے نکالنے کے لیے متبادل راستے تلاش کیے ہیں لیکن خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔

اس صورتحال میں وزیر اعظم ینگ لک شناواترا نے کہا ہے کہ سیلاب سے بنکاک کے تجارتی سینٹر کو کوئی خاص خطرہ لاحق نہیں ہے۔ اپنے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں انہوں نے کہا، ’اگر ہم منصوبوں کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کرتے ہیں توبنکاک کے اقتصادی زون کو کوئی خطرہ نہیں ہے‘۔

تھائی وزیر اعظم کے بقول بنکاک کے نشیبی علاقوں کو اس پانی سے محفوظ بنانے کے لیےمزید واٹر پمپ نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ شہر کےشمالی علاقے میں ریت کی بوریوں کی ایک دیوار بنا دی گئی ہے ۔

تین ماہ قبل شروع ہونے والی مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں تھائی لینڈ میں لاکھوں افراد کا روزگار بری طرح متاثر ہو چکا ہے۔ بنکاک کی کل پچاس میں سے دس ڈسٹرکٹس سے ایک ملین سے زائد افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں جبکہ دیگر پانچ ڈسٹرکٹس میں ہنگامی صورتحال نافذ ہے۔

ملکی اپوزشن نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے مناسب اقدامات نہیں اٹھائے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ تھائی حکام نے کہا تھا کہ بیشتر علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کر لی گئی ہیں تاہم اس کے باوجود وہ ان علاقوں کو سیلاب سے بچانے میں ناکام ہو گئے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں