1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ میں مسلمانوں کے لیے پہلا ’حلال‘ ہوٹل

30 اگست 2016

بدھ اکثریتی آبادی والے تھائی لینڈ میں مسلمانوں کے لیے پہلا ’حلال‘ ہوٹل ملکی سیاحت کی ترقی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ توقع ہے کہ اس پیشرفت سے سیاحت کے شعبے میں مسلمانوں کی توجہ بھی حاصل کی جا سکے گی۔

https://p.dw.com/p/1JsEa
Thailand Bangkok Al Meroz Halal Hotel Angestellte
تصویر: Reuters/C. Subprasom

گزشتہ برس تیس ملین سیاحوں نے تھائی لینڈ کا رخ کیا تھا، جن میں مسلمان سیاحوں کی تعداد صرف چھ لاکھ اٹھاون ہزار تھی۔ تھائی لینڈ کے حکام کے مطابق ان میں سے زیادہ تر مسلم سیاحوں کا تعلق مشرق وسطیٰ کے ممالک سے تھا۔ تاہم اب ’حلال‘ ہوٹل کی تعمیر سے ان اعدادوشمار میں اضافہ ممکن ہے۔

فور سٹار المیراث ہوٹل رنگوں اور زندگی سے بھرپور شہر بنکاک میں واقع ہے۔ اس شاندار ہوٹل کے منیجر سانیہ سنگبون نے روئٹرز کو بتایا، ’’دنیا میں مسلمانوں کی آبادی ایک اعشاریہ چھ بلین ہے۔ یہ ایک بڑی مارکیٹ ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں سے صرف ایک فیصد کی توجہ ملنے سے ہی ہمارا بزنس کامیاب طریقے سے ترقی کر سکتا ہے۔

المیراث ہوٹل کی عمارت مسجد کی طرح معلوم ہوتی ہے۔ اس ہوٹل میں نماز کے لیے دو مخصوص ہال کمرے بنائے گئے ہیں جبکہ حلال کھانے کے تین خصوصی ہال بھی موجود ہیں۔ اس ہوٹل کے ایک کمرے کا ایک دن کا کرایہ ایک سو سولہ ڈالر سے شروع ہوتا ہے جبکہ آسائشوں میں اضافے ساتھ ساتھ فی دن ایک کمرے کا کرایہ چودہ سو ڈالر بھی ہے۔

اس ہوٹل کے ایک صارف عامر فضل نے روئٹرز کو بتایا کہ تھائی لینڈ میں حلال کھانے کی تلاش ایک مشکل کام ہے۔ آسٹریلیا سے سیر کی غرض سے تھائی لینڈ آنے والے اٹھائیس سالہ عامر کے بقول، ’’اس ہوٹل میں قیام ایک انتہائی اچھا تجربہ ہے۔ یہ بنکاک میں پہلا حلال ہوٹل ہے، جو ایک بہت اچھی بات ہے۔‘‘

Thailand Bangkok Al Meroz Halal Hotel Gebetsraum
تصویر: Reuters/C. Subprasom
Thailand Bangkok Al Meroz Halal Hotel
تصویر: Reuters/C. Subprasom
Thailand Bangkok Al Meroz Halal Hotel Angestellte
تصویر: Reuters/C. Subprasom
Thailand Bangkok Al Meroz Halal Hotel Angestellte
تصویر: Reuters/C. Subprasom

تھائی لینڈ کے سیاحت کے شعبے کے محکمے کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق سن دو ہزار چودہ کے مقابلے میں سن دو ہزار پندرہ کے دوران تھائی لینڈ کا رخ کرنے مسلمان سیاحوں کی تعداد میں دس فیصد کا اضافہ نوٹ کیا گیا تھا۔

تھائی لینڈ میں گزشتہ برس ہی ایک ایسی ایپ متعارف کرائی گئی تھی، جس کی مدد سے مسلمان سیاح حلال ریستوران تلاش کر سکتے تھے۔ ملائیشیا سے ملحق تھائی لینڈ کے جنوبی علاقوں میں زیادہ تر مسلمان آبادی رہتی ہے۔