1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تہور رانا کے خلاف سماعت، وکیل استغاثہ کے دلائل مکمل

Ali Amjad8 جون 2011

امریکی وکیل استغاثہ نے منگل کو اپنے دلائل ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شگاگو کے پاکستانی نژاد تاجر تہور رانا 2008 ء میں ممبئی حملے کرنے والے دہشت گروں کے ’اندرونی دائرے‘ کا حصہ ہیں۔

https://p.dw.com/p/11Wox
ہيڈلی کی عدالتی پيشی، ہاتھ سے بنائی گئی تصويرتصویر: picture alliance/dpa

پاکستانی خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے دہشت گرد تنظمیوں کے ساتھ مبینہ روابط اور اسامہ بن لادن کی پاکستان میں ہلاکت کے بعد تہور رانا کے اس مقدمے کو انتہائی حساس قرار دیا جا رہا ہے۔ امريکی وکلائے استغاثہ کے مطابق کينيڈين شہريت رکھنے والے 50 سالہ پاکستانی تاجر تہوّر رانا ممبئی کے حملوں ميں ملوث تھے۔ رانا ايک اميگريشن سروس کے مالک ہيں۔

امريکہ ميں پاکستانی تاجر تہوّر رانا پر یہ مقدمہ ایک ایسے وقت میں شروع ہوا ہے، جب اسامہ بن لادن کی موت کے بعد پاکستان اور امريکہ کے تعلقات بہت مشکل مرحلے ميں ہيں۔ پاکستان پر الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ اُس کے حکام کو بن لادن کے ٹھکانے کا علم تھا اور وہ شدت پسندوں سے جنگ ميں اپنی ذمہ دارياں صحيح طرح سے پوری نہيں کر رہے۔

منگل کے روز وکیل استغاثہ وکٹوریہ پیٹرس نے جج کو کوڈ ای میلز اور ایف بی آئی کی طرف سے ٹیپ کردہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی کے دو منصوبے بنائے گئے تھے۔ ایک ممبئی حملوں کے حوالے سے تھا، جبکہ دوسرا حملہ ڈنمارک کے اخبار پر کیا جانا تھا۔ ان کے مطابق ڈیوڈ ہیڈلی ان منصوبوں کی تصدیق کر چکے ہیں۔

NO FLASH Anschläge Mumbai Indien 2008
2008ء کے حملوں میں 160 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھےتصویر: AP

ڈیود ہیڈلی تہور رانا کےملٹری اسکول کے دوست ہیں۔ ڈیوڈ ہیڈلی کو2009ء میں شکاگو ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ اس مقدمے ميں کليدی گواہ سمجھے جانے والے ہيڈلی نے سزائے موت اور کسی دوسرے ملک کے حوالے کيے جانے سے بچنے کے ليے اقبال جرم کر ليا تھا۔

تہور رانا کے وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ رانا کو اس کے دوست کے ارادوں کا علم نہیں تھا اور یہ کہ ان کی امیگریشن کمپنی کو ہیڈلی نے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ رانا کے وکیل دفاع نے جج سے کہا، ’’ڈیوڈ ہیڈلی پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا۔ وہ زندگی بھر دھوکہ بازی سے کام لیتا رہا ہے۔ ہیڈلی یہ سوچتا ہے کہ وہ ہر ایک کو الّو بنا سکتا ہے۔ آپ اس کے دھوکے سے محتاط رہیں۔‘‘

اس کے جواب میں وکیل استغاثہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی کی طرف سے ٹیپ کردہ گفتگو سے پتہ چلتا ہے کہ رانا کو ہیڈلی کے ارادوں کا علم تھا۔ ریکارڈ شدہ گفتگو کے مطابق رانا ہنستے ہوئے ہیڈلی کو کہتا ہے کہ ہوٹل کا محاصرہ کرنے والوں کو سب سے بڑا انعام‘ دیا جانا چاہیے۔

ممبئی حملوں کے ا س مقدمے کا فیصلہ کب سنایا جائے گا اس حوالے سے ابھی تک کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔

رپورٹ: امتیاز احمد

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں