1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جان کیری بنگلہ دیش پہنچ گئے

عاطف بلوچ29 اگست 2016

امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے اولین سرکاری دورے پر پیر کے دن بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا پہنچ گئے ہیں۔ اس ایک روزہ دورے کے بعد وہ بھارت روانہ ہو جائیں گے۔

https://p.dw.com/p/1JrUK
USA Deutschland Kerry Ankunft in Berlin
امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے اولین سرکاری دورے پر بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا پہنچ گئے ہیںتصویر: Reuters/C. Allegri

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے اس دورے کے دوران بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ سے ملاقات میں دو طرفہ باہمی امور کے علاوہ اس جنوب ایشیائی ملک میں اسلام پسندانہ انتہا پسندی کے خاتمے کے حوالے سے بھی بات چیت کریں گے۔

اپنے پہلے سرکاری دورہٴ بنگلہ دیش کے دوران کیری اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب محمود علی کے علاوہ اپوزیشن اور انسانی حقوق کے کارکنان سے بھی ملیں گے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ کیری اس دورے کے دوران جمہوریت، ترقیاتی امور، سکیورٹی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔

جان کیری ایک ایسے وقت پر بنگلہ دیش کا دورہ کر رہے ہیں، جب ڈھاکا حکومت دارالحکومت کے ایک کیفے پر حملے کے بعد انتہا پسند عناصر کے خلاف اپنی کارروائی میں تیزی لے آئی ہے۔ یکم جولائی کو اس کیفے پر ہوئے حملے کے نتیجے میں بائیس افراد مارے گئے تھے، جن میں سے زیادہ تر غیر ملکی تھے۔

ہفتے کے دن ہی پولیس نے دارالحکومت ڈھاکا کے نواح میں ایک چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے تین مشتبہ اسلام پسند جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا تھا۔ ان میں تمیم چوہدری بھی شامل تھا، جسے ڈھاکا کے کیفے پر دہشت گردانہ حملے کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا تھا۔

بنگلہ دیشی پولیس کے مطابق تمیم چوہدری نے کینیڈا کی شہریت حاصل کر رکھی تھی جبکہ وہ سن دو ہزار تیرہ میں واپس وطن لوٹا تھا۔ تب اس نے جمیعت المجاہدین بنگلہ دیش نامی کالعدم جنگجو گروہ کی کمان سنبھال لی تھی۔ اسی گروہ پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں اقلیتوں کے خلاف کیے گئے کئی حالیہ دہشت گردانہ حملوں میں ملوث تھا۔

Bangladesch Polizeieinsatz gegen Täter des Anschlags auf ein Cafe in Dhaka
بنگلہ دیشی پولیس ملک میں فعال انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لے آئی ہےتصویر: Getty Images/AFP

جان کیری کے بنگلہ دیش پہنچنے سے قبل امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ واشنگٹن حکومت ڈھاکا کے ساتھ کئی امور پر مکمل تعاون کر رہی ہے، جن میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ مزید کہا گیا کہ حالیہ مہینوں میں دونوں ممالک نے اپنے رابطوں میں مزید بہتری پیدا کی ہے تاکہ انتہا پسندی کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس ایک روزہ دورے کے بعد کیری بھارت روانہ ہو جائیں گے، جہاں وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ مذاکرات کے علاوہ امریکی بھارتی اسٹریٹیجک اینڈ کمرشل ڈائیلاگ کی سربراہی بھی کریں گے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید