1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی الیکشن: سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم کا آغاز کردیا

18 اگست 2009

جاپان میں آج منگل کے روز 30 اگست کو منعقد ہونے والے ملکی پارلیمانی انتخابات کے لئے سیاسی مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ ان انتخابات میں جاپانی پارلیمان کے ایوان زیریں کی 480 نشستوں کے لئے ووٹنگ ہوگی۔

https://p.dw.com/p/JDUY
اپوزیشن رہنما یوکیو ھاتویاما کامیابی کے لئے پر امیدتصویر: AP

جاپان میں ان انتخابات کی تیاری کے لئے ملک کی دونوں بڑی سیاسی جماعتیں بشمول چھوٹی پارٹیوں کے کافی سرگرم دکھائی دے رہی ہیں۔

وزیر اعظم تارو آسو کی حکمران جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی LDP کو ان انتخابات میں اپوزیشن رہنما یوکیو ھاتویاما کی ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان DPJ سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کو ایوان بالا میں پہلے ہی سے اکثریت حاصل ہے، جس کی وجہ سے وہ آسو کی موجودہ حکومت کے لئے قانون سازی کے معاملات سے لے کر عالمی مالیاتی بحران اور پھر ملکی اقتصادی مسائل کے حوالے سے مشکلات کھڑی کرتی رہی ہے۔

Der Japanische Ministerpräsident Taro Aso
جاپانی وزیر اعظم طارو آسو کا اقتدار خطرے میں ہےتصویر: AP

ان انتخابات میں DJP کی جیت سے جاپانی پالیسی اور قانون ساز اداروں میں ڈیڈلاک ختم ہونے کا امکان ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان نے الیکشن میں کامیابی کی صورت میں جاپانی صارفین کے ہاتھ میں زیادہ سرمایہ دینے، اگلے چار سال تک سیلز ٹیکس کو پانچ فیصد تک رکھنے اور پالیسی ساز اداروں پر بیوروکریسی کے کنٹرول میں کمی کے وعدے کئے ہیں۔

اس پارٹی نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ جاپان کے اتحادی ملک امریکہ کے ساتھ سیاسی اور معاشی تعلقات میں برابری کو ترجیح دی جائے گی اور اس کے لئے کوششیں بھی کی جائیں گی۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے مطابق اگر یہ جماعت اقتدار میں آ گئی تو اس کے دور حکومت میں ٹوکیو واشنگٹن کے سامنے عاجزی اور انکساری کی وہ پالیسی برقرار نہیں رکھے گا، جو گزشتہ عشروں سے جاپانی حکومتوں کی پہچان رہی ہے۔

ماہرین کے مطابق 30 اگست کے انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی کامیابی کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔ اگر ایسا ہو جاتا ہے تو جاپان کی گزشتہ 54 سال کی پارلیمانی جمہوری تاریخ میں اپوزیشن کے ہاتھوں LDP کی یہ دوسری بڑی شکست ہوگی۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: مقبول ملک