1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی کارساز صنعت کو ایک اور دھچکہ

10 فروری 2010

جاپانی کارساز صنعت کو چند ہی دنوں میں دوسرا بڑا دھچکہ پہنچا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ٹویوٹا کے بعد جاپان کے دوسرے سب سے بڑے کار ساز ادارے ہونڈا موٹرز نے بھی اپنی چار لاکھ سے زائد گاڑیاں واپس منگوا لی ہیں۔

https://p.dw.com/p/LyCY
تصویر: Honda

ہونڈا کمپنی کے مطابق واپس منگوائی گئی چار لاکھ 38 ہزارگاڑیوں کے ایئر بیگ نظام میں کچھ مسئلہ ہے۔ ایئر بیگ دراصل جدید گاڑیوں میں لگایا گیا ایک حفاظتی نظام ہے۔گاڑی کے کسی بھی چیز سے ٹکرانے کی صورت میں خودکار طریقے سے غبارے کی شکل کا ایئربیگ ہوا سے بھر جاتا ہے اور کار کی باڈی اور مسافروں کے درمیان حائل ہوجاتا ہے، جس سے ڈرائیور سمیت دیگر سوار افراد گاڑی کی ونڈ اسکرین یا دیگر حصوں سے ٹکرانے سے محفوظ رہتے ہیں۔

سال 2008ء میں سامنے آنے والے اس نقص کی حامل گاڑیوں میں ہنڈا کے سب سے زیادہ فروخت ہونے والے ماڈل اکارڈ اور سوک شامل ہیں۔ یہ گاڑیاں جاپان کے علاوہ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا، میکسیکو اور تائیوان میں فروخت کی گئیں۔

Honda Civic Hybrid, Cockpit
ہونڈا کمپنی کے مطابق گزشتہ برس کے دوران ایئربیگز پھٹنے کے 12حادثات کی اطلاعات ملیں، جن میں ایک میں انسانی جان بھی ضائع ہوئی۔تصویر: Honda

ہونڈا کمپنی کا کہنا ہے کہ واپس منگوائی گئی گاڑیوں میں ایئربیگز پھٹ سکتے ہیں اور ان میں چھوٹے چھوٹے دھاتی ٹکڑے ایئربیگ میں لگے کشن کو پھاڑ کر سواروں کو زخمی کرسکتے ہیں اور یہ مسافروں کے لئے بہت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

ہونڈا کمپنی کے مطابق انہیں گزشتہ برس کے دوران 12ایسے حادثات کی اطلاعات ملی ہیں، جن میں سے ایک واقعے میں انسانی جان بھی ضائع ہوئی۔

گاڑیوں سے متعلق جریدے آٹو موٹِیو نیوز کے ایشیا کے ایڈیٹر ہانس گریمل کے مطابق ہونڈا کمپنی کی گاڑیوں کو درپیش مسائل اپنی جگہ پر اہم تو ہیں مگر ٹویوٹا گاڑیوں میں حالیہ نقائص سامنے آنے کے بعد ہونڈا سمیت دیگر کار ساز کمپنیاں بہت زیادہ جانچ پڑتال کے عمل سے گزر رہی ہیں۔ گریمل کے خیال میں کاروں میں جدید ترین کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی بدولت آج کل کارساز ادارے زیادہ دباؤ کا شکار ہیں۔

Toyota Prius
ٹویوٹاکمپنی کے صدر اکیڈو ٹویوڈا نے اپنی گاڑیوں میں نقائص پر لوگوں سے باقاعدہ معزرت کی ہے۔تصویر: picture alliance/dpa

ادھر ٹویوٹا کمپنی نے اپنے مزید ماڈل کی گاڑیاں بھی واپس منگوائی ہیں، جن میں اس کی جدید ہائبرڈ کار پائرس Pirus بھی شامل ہیں۔

امریکہ میں بڑھتی ہوئی تنقید اور قانونی چارہ جوئی کے خطرے کے پیش نظر ٹویوٹاکمپنی کے صدر اکیڈو ٹویوڈا نے اپنی گاڑیوں میں خرابی پر لوگوں سے باقاعدہ معزرت طلب کرتے ہوئے کہا ہے، " میں تمام لوگوں کو یقین دہانی کرواتا ہوں کہ ہماری کمپنی معیار کو بہتر بنانے کے لئے اپنی کوششیں دگنی کردے گی، اور اس اصول کے لئے کی جانے والی کوششوں میں میرا بھی اتنا ہی حصہ شامل ہوگا۔ ٹویوٹا کمپنی اپنے ڈیلرز اور سپلائرز کے ساتھ مل کر اس مسئلے کو حل کرے گی تاکہ ہم خریداروں کا اپنے اوپر اعتماد بحال کرسکیں۔"

اکیڈو نے مزید کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کے سلسلے میں جلد امریکہ کا دورہ بھی کریں گے۔ منگل کے روز ٹویوٹا کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ وہ دنیا بھر میں87 لاکھ گاڑیوں میں موجود نقائص کو دور کرے گی۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : گوہر نزیر