1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان میں 54 برس میں پہلی بار نومبر میں برف باری

عاطف بلوچ، روئٹرز
24 نومبر 2016

جاپان میں جمعرات کے روز 54 برسوں میں پہلی بار نومبر میں برف باری ہوئی۔ جاپانی محکمہء موسمیات اس سلسلے میں سن 1875 سے ریکارڈ جمع کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/2T9Oo
Japan Tokyo Schnee
تصویر: Picture-Alliance/AP Photo/E. Hoshiko

جاپان میں نومبر میں برف باری اس لیے بھی غیرمعمولی واقعہ ہے، کیوں کہ عموماﹰ نومبر کا مہینہ سرد تو ہوتا ہے، مگر برف باری نہیں ہوتی۔ محکمہء موسمیات کے مطابق دارالحکومت ٹوکیو میں گزشتہ پچاس سے زائد برسوں میں پہلی بار ماہِ نومبر میں جمعرات کے روز پہلی مرتبہ زمین پر برف پڑی دکھائی دی۔

اطلاعات کے مطابق غیر عمومی طور پر سرد ہواؤں کی وجہ سے دارالحکومت درجہء حرارت نقطہء انجماد سے کئی درجے نیچے ہونے کی وجہ سے برف دیر تک سڑکوں پر پڑی دکھائی دی، جب کہ متعدد علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حرکت میں تعطل پیدا ہوا۔

Japan Schneechaos
جاپانی ثقافت میں موسموں کی تبدیلی کو خاص اہمیت حاصل ہےتصویر: picture-alliance/dpa

جاپانی محکمہء موسمیات کا کہنا ہے کہ ٹوکیو کے شمال مغربی پہاڑی علاقوں میں زیادہ برف باری ہوئی ہے، تاہم شہر میں بھی قریب دو سینٹی میٹر تک برف باری ریکارڈ کی گئی۔ برف باری کے نتیجے میں متعدد ٹرینیوں کے تاخیر کا شکار ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اس سے قبل نومبر سن 1962ء میں ٹوکیو کے وسطی حصے میں برف باری ہوئی تھی۔ روئٹرز کے مطابق اس سے قبل چھ دسمبر برف باری کے اعتبار سے وہ اولین تاریخ تھی، جب سن 1987ء میں ٹوکیو میں برف پڑی تھی۔

یہ بات اہم ہے کہ جاپانی ثقافت میں موسموں کی تبدیلی کو غیرمعمولی حیثیت حاصل ہے۔ جاپان میں پہلی برف باری کو ایک خصوصی لفظ ’ہاتسوکی‘ کہا جاتا ہے، جس کا لفظی مطلب ’پہلی برف باری‘ ہے۔ وہ برف جو زمین پر پڑی دیکھی جا سکے، جاپانی زبان میں اسے ’سیکیسیتسو‘ کہا جاتا ہے۔ ٹوکیو کے نصف سے زائد حصے پر برف پڑے، تو اسے جاپانی زبان میں ’کیتانو مارو‘ یا ’سفید موڑ‘ قرار دیا جاتا ہے۔

جاپانی صنف شاعری ہائیکو میں بھی موسموں کی تبدیلی کو خاص طور پر تحریر کیا جاتا ہے، جہاں ہر حال میں گرمی، سردی، خزاں یا بہار کا لفظ اس کے تین میں سے کسی ایک مصرعے میں ضرور لایا جاتا ہے۔