1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: اسلام مخالف تنظیم ’پیگیڈا‘ کی دوسری سالگرہ

16 اکتوبر 2016

غیر ملکیوں اور اسلام مخالف جرمن تنظیم’ پیگیڈا‘ آج اپنے قیام کی دوسری سالگرہ منا رہی ہے۔ پیگیڈا کے بیان کے مطابق اتوار کے روز اس سلسلے میں ڈریسڈن کے تھیٹر اسکوائر پر ایک اجتماع کا اہتمام کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2RHBw
Deutschland Dresden Pegida Demonstration
تصویر: Getty Images/AFP/O. Andersen Getty Images/AFP/O. Andersen

پیگیڈا کے دوسری سالگرہ کے موقع پر اس تنظیم کے مخالفین کی جانب سے بھی ایک مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ڈریسڈن پولیس کے سربراہ نے تمام افراد سے پرامن رہنے کی درخواست کی ہے۔ اس موقع پر شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ PEGIDA یعنی مغربی دنیا کی اسلامائزیشن کے خلاف بین الیورپی اتحاد نامی اس تنظیم کا صدر دفتر ڈریسڈن میں قائم ہے اور اسی شہر سے اس کی ابتدا ہوئی تھی۔ اکتوبر 2014ء میں ایسے افراد کی تعداد چند سو تھی، جو جرمن شہر ڈریسڈن میں اسلام مخالف اور غیر ملکیوں سے نفرت کے نعروں کے ساتھ سڑکوں پر آئے تھے۔ بہت جلد ہی یہ ہزاروں ہو گئے اور پھر رفتہ رفتہ پیگیڈا نامی یہ تنظیم مقبولیت کی سیڑھیاں چڑھتی چلی گئی۔

Deutschland Dresden Pegida Lutz Bachman
لٹُس باخ مان کہتے ہیں ’’ہم نے پیگیڈا کو یورپ کی سب سے بڑی عوامی تحریک بنا دیا ہے‘‘تصویر: picture-alliance/dpa

تاہم اب یہ تنظیم ابھی بھی موجود ہے لیکن اس کی شہرت اب ویسی نہیں ہے، جیسی 2015ء کے آغاز میں تھی۔ اس کی ایک وجہ سماجی ویب سائٹس پر اس تنظیم کے بانی لٹُس باخ مان کی وہ تصاویر تھیں، جن میں وہ نازی آمر آڈولف ہٹلر کا روپ دھارےہوئے تھے۔ 

لٹُس باخ مان آج کل ہسپانوی تفریحی مقام ’ٹینرائف جزائر‘ پر زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم اپنی کوششوں میں کامیاب رہے ہیں، ’’ہم نے پیگیڈا کو یورپ کی سب سے بڑی عوامی تحریک بنا دیا ہے۔‘‘ پیگیڈا کے جلسے جلوسوں میں وہ کم ہی دکھائی دیتے ہیں۔ وہ ٹینرائف جزائر پر کاروبار کر رہے ہیں۔ لٹس باخ مان کا ایک نعرہ ہے’’جو جرمنی سے پیار نہیں کرتا اسے یہ ملک چھوڑ دینا چاہیے۔‘‘

ماہرین کہتے ہیں کہ پیگیڈا کے حامی اب بھی ڈریسڈن میں سڑکوں پر نکلتے ہیں۔ ابھی بھی وہ غیر ملکیوں اور اسلام کے خلاف نعرے لگاتے ہیں تاہم ان نعروں کی گونج اور شدت میں واضح کمی آ چکی ہے۔ اس کی ایک وجہ بائیں بازو اور شہری حقوق کی ان تنظیموں کی جانب سے پیگیڈا کے خلاف نکالے جانے والے جلوس ہیں، جن میں زیادہ بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوتے ہیں۔