جرمنی: افغان مہاجرین کو لے جانے والا جہاز نصف سے زائد خالی
24 فروری 2017جرمن وزارتِ داخلہ کے ترجمان توبیاس پلاٹے کا کہنا ہے کہ اُن پچاس افغان مہاجرین کو جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی تھیں ، گزشتہ بدھ کے روز وطن واپس بھیجا جانا تھا لیکن روانگی کے وقت طیارے میں محض اٹھارہ افغان باشندے ہی سوار ہوئے۔
پلاٹے نے تاہم اس معاملے کی وضاحت اس طرح کی کہ اگر دوسری پروازوں پر مسافروں کی تعداد پر غور کیا جائے تو یہ تعداد رجسٹرڈ مسافروں کی تعداد سے ہمیشہ کم ہوتی ہے۔ وزارتِ داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا،’’ کچھ تارکینِ وطن گرجا گھروں میں چھپ جاتے ہیں یا پناہ حاصل کر لیتے ہیں۔‘‘ پلاٹے نے مزید کہا ،’’ ملک بدر کیے جانے والے مہاجرین کی پرواز کے وقت تعداد اُس صورت میں بھی کم ہوتی ہے جب انہیں جانے کی تاریخ اور پلان کی بابت وقت سے پہلے معلوم ہو جائے۔ اسی لیے حکومت نے کئی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے مثلاﹰ ایسی پروازوں کا اعلان قبل از وقت نہ کیا جائے۔‘‘
افغان پناہ گزینوں کی رواں ہفتے ہونے والی ملک بدری مہاجرین کی جرمنی سے واپسی کے تناظر میں گزشتہ دسمبر میں ہونے والے متنازعہ یورپی یونین افغانستان معاہدے کے سلسلے کی تیسری کڑی تھی۔ اب تک قریب 80 افغان مرد پناہ گزینوں کو اُن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ جرمن حکومت کو اس وقت مہاجرین کے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مہاجرین سے متعلق فراخدلانہ پالیسی کی وجہ سے ملک میں مہاجر مخالف تحریکیں زور پکڑتی جا رہی ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں غیر ملکیوں کے خلاف جرائم میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اسی لیے برلن حکومت نے ایسے مہاجرین اور تارکین وطن کی ملک بدری کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔